Live Updates

مجھے مرتضی بھٹو کی طرح قتل کرنے کی سازش کی گئی

آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد اور ان کے ہینڈلرزنے میرے قتل کیلئے اسکواڈ بنایا ہے، پنجاب پولیس کے پانچ لوگ مجھے قتل کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا الزام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 22 مارچ 2023 19:02

مجھے مرتضی بھٹو کی طرح قتل کرنے کی سازش کی گئی
لاہور(اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 22 مارچ 2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الزام عائد کیا کہ مجھے مرتضی بھٹو کی طرح قتل کرنے کی سازش کی گئی، آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد اور ان کے ہینڈلرزنے میرے قتل کیلئے اسکواڈ بنایا ہے، پنجاب پولیس کے پانچ لوگ مجھے قتل کریں گے۔ جیو نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الزام عائد کیا کہ آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد اور ان کے ہینڈلرزنے میرے قتل کیلئے اسکواڈ بنایا ہے، پنجاب پولیس کے پانچ لوگ مجھے قتل کریں گے۔

مزید برآں عمران خان نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر ہر قسم کا کیس بنایا گیا، ملکی تاریخ کے تمام مقدمات کے ریکارڈ توڑچکا ہوں، ہمارے کارکنان کو پکڑا جا رہا ہے ، ایسا کریک ڈاؤن کر رہے ہیں جس کی جمہوریت میں مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف کا مارشل لا دیکھا، کبھی اس طرح کا کریک ڈاؤن نہیں دیکھا۔ہمارے اوپرہی حملہ ہوا اور کیس بھی ہم پر ہی بن رہے ہیں، یہ ایسے ظاہر کررہے ہیں جیسے پی ٹی آئی کوئی بہت خطرناک جماعت ہے۔

انہوں نے رکاوٹیں پیدا کیں اور میں اسلام آباد کی عدالت میں پیش نہیں ہو سکا۔ جیسے جیسے میں ان کے پاس جاتا رہا دیکھا کہ پولیس کی نفری بڑھتی گئی۔ہم پر ٹئیر گیس کا آغاز ہوا، لوگوں میں اشتعال پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔جب دروازے پر پہنچا تو پولیس والے پتھر مار رہے تھے۔ مجھے قتل کرنے کا پورا منصبوبہ بنایا گیا تھا۔ ۔عدالت سے بڑی مشکل سے جان بچا کر نکلا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ یہ لوگ چاہتے ہیں میں کسی طرح الیکشن سے باہر ہو جاؤں۔انہوں نے زما ن پارک پرایسے حملہ کیا جیسے کوئی دہشتگرد چھپا ہوا ہو۔ چیف جسٹس پاکستان دیکھیں کیا کبھی کسی سیاسی لیڈر کے ساتھ ایسا ہوا۔عدلیہ ہمارے بنیادی حقوق کا تحفظ کرے۔عمران خان نے آج شام زمان پارک میں آپریشن شروع کرنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ یہ یہاں سانحہ ماڈل ٹاؤن بنانا چاہتے ہیں، میرے خلاف کوئی نیا وارنٹ لے کر آئیں تو کارکنان انہیں آنے دیں، ہم نے کسی قسم کے تصادم میں حصہ نہیں لینا اشتعال دلانے کی کوشش کریں گے تو کسی قسم کا ری ایکشن نہیں دینا۔عمران خان نے یہ اعلان کیا کہ ہفتے کے روز لاہور میں جلسہ کریں گے۔ہمارا جلسہ اس حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات