کسی کے بیانات پاکستانی عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے، پاکستان کا زلمے خلیل زاد کے بیان پرسخت ردعمل

سمجھ سے بالا تر ہے کہ کیوں حکومت پاکستان ایک فرد کے انفرادی بیانات کا جواب دے،سعودی عرب میں تعینات سفیر پیشہ ور سفارتکا ر ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 24 مارچ 2023 22:42

کسی کے بیانات پاکستانی عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے، پاکستان کا زلمے خلیل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2023ء) پاکستان نے زلمے خلیل زاد کے بیان پر دو ٹوک موقف اپناتے ہو ئے کہا ہے کہ کسی کے بیانات پاکستانی عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے ۔ بیرون ممالک سے مداخلت یا بیانات ہمارے جمہوری عمل کو متاثر نہیں کر سکتے۔ سمجھ نہیں آتا کہ کیوں حکومت پاکستان ایک فرد کے انفرادی بیانات کا جواب دے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفننگ دیتے ہو ئے کہا کہ سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان نے چین کا اہم دورہ کر کے چینی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی ہے ۔

انہوں نے کہا پاکستان اور چین نے سی پیک سمیت تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔ ترجمان نے کہا سی پیک کو دوطرفہ منصوبہ سمجھتے ہیں، دیگر ممالک بھی حصہ بن سکتے ہیں ، سی پیک کا حصہ بننے بارے بات چیت ہوتی رہتی ہے تاہم فی الحال اس پر کوئی ٹھوس پیشرفت نہیں ہوئی ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا ہمارا مطالبہ ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم بند کرے ، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز بلند کرتا رہے گا۔

ترجمان نے سعودی عرب میں تعینات سفیر کو ایک پیشہ ور سفیر قرار دیتے ہوے کہا کہ وزارت خارجہ کے اندر تبادلے معمول کی بات ہیںفی الحال کسی کے تبادلے کی خبر نہیں جب ہو گی تو شئیر کی جائے گی۔ ترجما ن نے کہا آئی ایم ایف، روس سے تیل خریداری امور کو وزارت خزانہ اور وزارت پیٹرولیم دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان اور ملائیشیاء کے مابین کوالالمپور میں آئندہ ہفتے اعلی سطح مذاکرات ہونے جارہے ہیں ۔

مذاکرات میں تجارت، صحت، سیاحت سمیت تعلیمی وظائف پروگرام پر بات ہوگی۔ ترجمان نے کہا غیرملکی سفارتکار کی خاتون سے زیادتی کے معاملے پر تحقیقات ہو رہی ہے۔ اور اس حوالے سے ہم پولیس حکام سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان جمہوری اور پراعتماد ملک ہے، کسی کے بیانات پاکستانی عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے حکومت پاکستان ایک فرد کے انفرادی بیانات کا جواب دینا ہر گز ضروری نہیں سمجھتی ۔

ترجمان کی بھارتیہ جنتا پارٹی رہنماء اور نائب وزیراعلیٰ کرناٹکا کے اسلامو فوبک بیان کی شدید مذمت کرتے ہوے کہا بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت تشویشناک ہے ۔ ترجمان نے کہا بھارت میں اقلیتوں بلخصوص مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا گزشتہ ہفتے مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولا میں دو کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا۔ انہوں نے زور دیتے ہوے کہا بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں کو ہراساں کیا جانا بند کیا جائے۔ ترجمان نے کہا مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بد ترین پائمالی کی جارہی ہے گزشتہ ہفتہ سری نگر میں سینئر صحافی کو گرفتار کیا گیا ہے۔