سعودی عرب نے غیرملکی عمرہ زائرین کیلئے نئی ہدایات جاری کردیں

60 ہزار ریال سے زیادہ رقم، زیورات اور دیگر قیمتی اشیا ساتھ لانے سے مکمل گریز کیا جائے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 1 اپریل 2023 14:19

سعودی عرب نے غیرملکی عمرہ زائرین کیلئے نئی ہدایات جاری کردیں
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 اپریل 2023ء ) سعودی عرب نے غیرملکی عمرہ زائرین کیلئے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے 60 ہزار ریال سے زیادہ رقم، سونا، قیمتی پتھر یا دھات اور دیگر قیمتی اشیا لانے سے مکمل طور پر گریز کرنے کا مشورہ سے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے بیرون ملک سے عمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والے زائرین کو متعدد چیزیں اپنے ہمراہ سعودی عرب لانے سے منع کیا ہے، اس کے ساتھ وزارت نے مالی فراڈ سے بچنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا بھی مشورہ دیا۔

 
اس حوالے سے وزارت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عمرہ کے لیے سعودی عرب آنے والے غیرملکی زائرین 60 ہزار ریال سے زیادہ کی رقم ہمراہ نہ لائیں جب کہ سونا، قیمتی پتھر یا دھات اور دیگر قیمتی اشیاء بھی اپنے ساتھ لانے سے مکمل گریز کیا جائے، زائرین بینکنگ ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے میں بھی احتیاط کا مظاہرہ کریں اور بینک کارڈ کی معلومات کسی کو نہ دیں اس کے علاوہ رقم کو کسی بھی صورت کسی نامعلوم ذرائع سے منتقل کرنے سے مکمل پرہیز کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزارت نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی قسم کی ادائیگی کرنے سے پہلے الیکٹرانک لنکس کی مکمل جانچ پڑتال کرلی جائے، نامعلوم پیغامات اور لنکس کو نظر انداز کرنا چاہیئے جب دھوکہ دہی کا شبہ ہو یا فراڈ ہوجائے تو فوری بینک اور مجاز حکام سے رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :