امارات میں ملازمین کو عید پر طویل ویک اینڈ ملنے کا امکان

سرکاری تاریخوں کی تصدیق چاند دیکھنے والی کمیٹی عید کے قریب کرے گی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 1 اپریل 2023 15:58

امارات میں ملازمین کو عید پر طویل ویک اینڈ ملنے کا امکان
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 اپریل 2023ء ) متحدہ عرب امارات کے رہائشی اس سال عید الفطر پر طویل ویک اینڈ کی توقع کرسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک 23 مارچ کو شروع ہوا اور عام طور پر 29 یا 30 دن تک رہتا ہے، یہ وہ مقدس مہینہ ہے جب دنیا بھر کے مسلمان صبح سے شام تک روزہ رکھتے ہیں، خطے کے مسلمان رمضان کے مہینے میں اوسطاً 13 سے تقریباً 15 گھنٹے تک روزہ رکھتے ہیں، جو طلوع آفتاب اور غروب آفتاب پر منحصر ہے، دوسری جگہوں پر رہنے والے مسلمانوں کے روزے کے اوقات کم یا زیادہ ہوتے ہیں، اس مہینے کے شروع اور اختتامی تاریخوں کا تعین چاند دیکھنے والی کمیٹیوں کے ذریعے کیا جاتا ہے، تاہم آج کل فلکیاتی حسابات تاریخوں کی پیش گوئی کرنے میں مدد کر سکتے ہیں، اگرچہ ان تاریخوں کو باضابطہ تصدیق کی ضرورت ہوتی ہے لیکن یہ آپ کے چھوٹے وقفوں کو وقت سے پہلے پلان کرنے میں مدد کر سکتی ہے، عید رمضان کے اختتام کی نشاندہی کرتی ہے اور متحدہ عرب امارات کے رہائشی عید الفطر کی تعطیلات کے ساتھ 3 ہفتوں سے بھی کم عرصے میں ایک طویل ویک اینڈ سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں، گلف نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ عرب یونین برائے فلکیات اور خلائی سائنسز (AUASS) کے رکن امارات فلکیات سوسائٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ابراہیم الجروان نے درست پیشگوئی کی تھی کہ رمضان المبارک کا آغاز 23 مارچ سے ہوگا، انہوں نے یہ بھی پیش گوئی کی ہے کہ اس سال رمضان 29 دن طویل ہوسکتا ہے اور عید الفطر جمعہ 21 اپریل کو ہونے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اسلامی ہجری کیلنڈر پر سرکاری عام تعطیلات کی تاریخیں 29 رمضان سے 3 شوال 1443 تک 4 دن کی ہیں، لہذا اس بار متعلقہ تاریخیں جمعہ 21 اپریل (29 رمضان) سے پیر 24 اپریل (3 شوال) تک ہیں، اس کا مطلب ہے رہائشیوں کے لیے ایک طویل ویک اینڈ کی چھٹی ہے تاہم سرکاری تاریخوں کی تصدیق چاند دیکھنے والی کمیٹی عید کے قریب کرے گی۔