سرینگر میں جی 20 کا انعقاد حقائق مسخ کرنے کی بھارتی ناکام کوشش ہے،قمرزمان کائرہ

فریب پر مبنی منظر نامہ کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکتا ،مشیر وزیر اعظم کی میڈیا سے گفتگو

پیر 22 مئی 2023 18:42

سرینگر میں جی 20 کا انعقاد حقائق مسخ کرنے کی بھارتی ناکام کوشش ہے،قمرزمان ..
باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2023ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیرو گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھارت جی20 کانفرنس کا ایک حصہ سرینگر منتقل کر کے حقائق مسخ کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کھلی جیل کی مانند ہے ،مودی حکومت فریب پر مبنی منظر نامے اور جھوٹا ڈرامہ کر کے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوصلے پست کرنا چاہتی ہے تاہم کشمیریوں کا جذبہ آزادی قائم و دائم ہیاور پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ اقوام عالم نے اقوام متحدہ کے ذریعے حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا ہے، بھارت کے وزیراعظم پنڈٹ جواہر لعل نہرو نے بھی کشمیریوں کے ساتھ یہی وعدہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ اور اقوام عالم درپیش مختلف امور پر جارحانہ حکمت عملی اختیار کرکے ان کو حل کرا لیتی ہیں تاہم اقوام عالم کا کشمیریوں کے ساتھ کیاگیا دیرینہ وعدہ ابھی تک وفا نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت مختلف ادوار میں مظلوم کشمیریوں کے خلاف مختلف ہتھکنڈے استعمال کرتی رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کشمیریوں کے خلاف ظلم و جبر ، تشدد ، قانونی کاروائیوں سمیت دیگر ہتھکنڈے استعمال کررہاہے جس کے ذریعے وہ کشمیر کی شناخت اور کشمیریوں کے جذبے کودبانا چاہتا ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت اس میں کبھی کامیاب ہوا ہے اور نہ ہی ہوگا۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی تحریک کسی کی سپانسر تحریک نہیں ہے بلکہ یہ مقامی تحریک ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ کشمیری عوام کی خواہشات اور جذبات کی عکاس ہے جو نسل در نسل ان کے خون میں شامل ہے، اسے کسی صورت ختم نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ گروپ۔ 20 کی کانفرنس کے ایک حصہ کو سرینگر منتقل کر کے بھارت نے حقائق مسخ کرنے کی ایک اورن اکام کوشش کی ہے۔

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کھلی جیل کی مانند ہے، بھارت سرینگر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کر کے جی۔20 کا ایک حصہ منعقد کرکے یہ تاثر دینے کی کوشش کررہا ہے کہ وہاں امن و امان ہے اور کشمیری مزاحمت نہیں کررہے،وہ یہ ثابت کرنے کی بھی بھونڈی کوشش کر رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے اقدامات کو پذیرائی ملی ہے حالانکہ یہ سب جھوٹ پر مبنی فریب اور فراڈ ہے جو ہمیشہ بھارت کی حکومتوں نے مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پوری پاکستانی قوم ، بچہ بچہ اور ہر فرد سرینگر میں جی۔20 اجلاس کے انعقاد کے خلاف پہلے دن سے ہی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نے دوست اور جی۔20 کے ممبر ممالک سے رابطے کئے ، اس کے اثرات سامنے آئے ہیں،کچھ ممالک نے کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔

دیگر ممالک بھی نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم جی۔20 کے سرینگر میں اجلاس کے انعقاد کے خلاف ہیں،یہ کشمیریوں کیساتھ جبر وزیادتی ہے۔ مشیر امور کشمیر نے اس امر پر زور دیا کہ اقوام عالم کو کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں، انہیں اس طرح کے اجلاسوں میں شرکت کرکے بھارتی مقاصد اور ارادوں میں سہولت نہیں دینی چاہیے۔