عثمان خان یو اے ای کی قومی ٹیم کا حصہ بن کر پاکستان کیخلاف کھیلنے کے خواہاں

پاکستان میں رہتے ہوئے مجھے کھیلنے کا موقع نہیں دیا جارہا تھا، احساس ہوگیا تھا کہ وہاں نظرانداز کیا جارہا ہے، چنانچہ میں نے یو اے ای کی جانب سے کھیلنا ہدف بنایا اور یہاں چلا آیا: جارح مزاج بیٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 27 مئی 2023 12:35

عثمان خان یو اے ای کی قومی ٹیم کا حصہ بن کر پاکستان کیخلاف کھیلنے کے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 مئی 2023ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں تیزترین سنچری اسکور کرنے والےعثمان خان متحدہ عرب امارات (یواےای) کی قومی ٹیم کا حصہ بن کر پاکستان کیخلاف کھیلنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ 28 سالہ اوپننگ بیٹسمین کا آبائی وطن پاکستان ہے مگر وہ ڈھائی سال سے متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں۔ عثمان خان نے ملتان سلطانز کی طرف سے کھیلتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 36 گیندوں پر سنچری سکور کرکے توجہ حاصل کی تھی۔

عثمان خان کی اس شاندار اننگز کے بعد یہ تبصر ے کیے جانے لگے تھے کہ انہیں پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے تاہم عثمان خان کا کہنا ہے کہ ان کا خواب یو اے ای کی نمائندگی کرنا ہے۔ عثمان خان نے ’’دی نیشنل‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’میرا خواب پاکستان کے لیے نہیں بلکہ یو اے ای کے لیے کھیلنا ہے، اور میں اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے سخت محنت کررہا ہوں۔

(جاری ہے)

میں یو اے ای کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف اپنا ٹیلنٹ دکھانا چاہتا ہوں، اور اس کے لیے وقت کا انتظار کررہا ہوں۔‘‘ عثمان خان کی یو اے ای کی قومی ٹیم میں شمولیت کا انحصار آئی سی سی کی کسی ملک کی نمائند گی سے پہلے وہاں 3 سالہ رہائش کی شرط پر منحصر ہے۔ پی ایس ایل اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیلنے والے عثمان خان رواں سال کے اواخر میں یہ شرط پوری کرپائیں گے۔

پاکستان کے علاوہ کسی ملک کی نمائندگی کرنے کے حوالے سے عثمان خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں رہتے ہوئے مجھے کھیلنے کا موقع نہیں دیا جارہا تھا۔ مجھے احساس ہوگیا تھا کہ وہاں مجھے نظرانداز کیا جارہا ہے، چنانچہ میں نے یو اے ای کی جانب سے کھیلنے کو ہدف بنایا اور یہاں چلا آیا۔ عـثمان خان نے کہا کہ میں نے یہاں اپنی صلاحیتیں نکھارنے پر بہت محنت کی ہے اور کررہا ہوں تاکہ یو اے ای کی قومی ٹیم میں شامل ہونے کا موقع مل سکے۔