رجب طیب اردوان ترک اتنخابات جیت گئے،حامیوں کا جشن

امیر قطر کے ساتھ ساتھ فلسطینی وزیراعظم، لیبیائی اور ہنگری کے وزیراعظم نے مبارکبادیں دیں

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 28 مئی 2023 22:58

رجب طیب اردوان ترک اتنخابات جیت گئے،حامیوں کا جشن
استنبول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 مئی2023ء) رجب طیب اردوان ترک اتنخابات جیت گئے۔ امیر قطر کے ساتھ ساتھ فلسطینی وزیراعظم، لیبیائی اور ہنگری کے وزیراعظم نے مبارکبادیں دیں۔ عرب میڈیا کے مطابق ترکیہ میں صدارتی انتخابات کے رن آف مرحلے میں رجب طیب اردوان نے ایک مرتبہ پھر فتح حاصل کر لی ہے وہ اگلی پانچ سال کی مدت کے لیے صدر منتخب ہو گئے ہیں، امیر قطرسمیت عالمی دنیا کی جانب سے مبارکبادیں ملنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے سے شروع ہو کر شام پانچ بجے تک جاری رہا۔ ووٹنگ کے دوران دلہا دلہن بھی عروسی لباس پہنے ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچے۔ جبکہ ترک شہری ہسپتال سے اسٹریچر پر ووٹ ڈالنے پہنچ گیا۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ترک شہری ہسپتال کے بستر پر ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچا۔

(جاری ہے)

ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد پولنگ اسٹیشن میں موجود افراد نے تالیاں بجا کر مریض ووٹر کی حوصلہ افزائی کی۔ اس سے قبل ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ امینہ اردوان نے استنبول میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ ملت اتحاد کے صدارتی امیدوار اور رپبلکن پیپلز پارٹی کے چیئر مین کمال قلیچدار اولو اور اہلیہ سیلوی قلیچدار اولو نے دارالحکومت انقرہ میں ووٹ ڈالا جبکہ ہائی الیکشن کمیشن کے سربراہ احمد ینیر نے بھی انقرہ میں ووٹ ڈالا۔

ووٹ ڈالنے کے بعد جاری کردہ بیان میں احمد ینیر نے کہا ہے کہ ہمارا خیال ہے کہ آج کے انتخابات کے نتائج کا اعلان 14 مئی کے انتخابات کے مقابلے میں زیادہ جلدی کر دیا جائے گا۔ ترک میڈیا کے مطابق ترک صدر رجیب طیب اردوان نے مسلسل دوسری مرتبہ صدارتی الیکشن میں فتح حاصل کی ہے، رجب طیب اردوان کو 52.1 فیصد ووٹ لیکر فتح حاصل کی، اپوزیشن کے امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 47.7 فیصد ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

ترک میڈیا کے مطابق رجب طیب اردوان کو دو کروڑ 67 لاکھ ووٹ ملے۔ فتح حاصل کرنے کے بعد رجب طیب اردوان نے قوم سے اظہار تشکر کرتے ہوئے خطاب میں کہا کہ ہم نے صدارتی انتخابات کا دوسرا دور اپنی قوم کے حق میں مکمل کر لیا ہے۔ استنبول میں بس کے اوپر سے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم آنے والے پانچ سالوں تک ملک پر حکومت کریں گے۔

انشاء اللہ ہم آپ کے اعتماد کے مستحق ہوں گے۔ قوم کے ہر فرد کا شکریہ ادا کیا جس نے ایک بار پھر ہمیں اگلے پانچ سال تک ترکیہ پر حکومت کرنے کی ذمہ داری سونپی۔ صدر نے کہا کہ انشاء اللہ ہم آپ کے بھروسے کے قابل ہوں گے جیسا کہ ہم گزشتہ 21 سالوں سے کر رہے ہیں۔ ملک کے تمام 85 ملین شہری 14 مئی اور 28 مئی کو ہونے والے دو انتخابات کے فاتح ہیں۔ انہوں نے ترک عوام کا شکریہ ادا کیا کہ اس ”جمہوریت کے تہوار“ کا ملک نے انتخاب کے دوران تجربہ کیا۔