کویت میں شادی کی تقریب میں ایک شخص نے مجمعے میں دوسرے کو چاقو گھونپ دیا

ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں،مزید تحقیقات بھی جاری ہیں،وزارت داخلہ

بدھ 31 مئی 2023 13:53

کویت میں شادی کی تقریب میں ایک شخص نے مجمعے میں دوسرے کو چاقو گھونپ ..
کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2023ء) کویت میں سوشل میڈیا پرایک چونکا دینے والی ویڈیو نے عوامی حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی جب ایک شخص نے شادی کی تقریب میں بھرے مجمعے میں دوسرے کو شادی ہال میں چاقو گھونپ دیا۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادرے کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شادی ہال میں دعوت پر آئے شرکا میں ایک شخص نے جیب سے چاقو نکالا اور دوسرے پر وار کر کے فرار ہو گیا۔

یہ سارا ماجرا دیکھ کر شرکا حیران اور پریشان رہ گئے۔ کچھ لوگوں نے حملہ آور کا تعاقب کرنے کی بھی کوشش کی۔ جس شخص کو چھرا گھونپا گیا وہ حملہ آور ملزم کا اپنا بھائی بتایا جاتا ہے۔دوسری طرف کویتی وزارت داخلہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں اعلان کیا گیا کہ سکیورٹی حکام اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔