Live Updates

ثاقب نثار نے عمران خان کو صادق امین قرار دیا ، بنی گالہ ریگولرائز کیا، اپوزیشن کو پابند سلاسل کیا، شرجیل میمن

بدھ 31 مئی 2023 21:40

ثاقب نثار نے عمران خان کو صادق امین قرار دیا ، بنی گالہ ریگولرائز کیا، ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2023ء) سندھ کے وزیر اطلاعات ،ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے عمران خان کو صادق امین قرار دیا ، بنی گالہ ریگولرائز کیا، اپوزیشن کو پابند سلاسل کیا، ثاقب نثار کے بیٹے کی کسی پارٹی کے ٹکٹ بیچنے کی بات پرائیویٹ بات نہیں ، ثاقب نثار اس ملک کے سابق چیف جسٹس رہ چکے ہیں، پارلیمنٹ سمیت کسی بھی ادارے کی بے توقیری برداشت نہیں کی جاسکتی، اپنے قومی اداروں پر حملے کروانا عمران خان کا سب سے گھنائو نا جرم ہے۔

وہ بدھ کے روز یہاں آرکائیوز کمپلیکس کلفٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے ایسی پبلک ٹرانسپورٹ جن میں سی این جی کٹ لگی ہیں ان کو فوری ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے مطابق صوبے میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے ڈپوز پر قبضوں کو خالی کرایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ موٹر وے کی طرز پر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ایک فورس بنانے جارہی ہے۔یہ فورس روڈ ٹرانسپورٹ کو ٹریف اور ڈرائیونگ کے قواعد و ضوابط کے مطابق چلانے کی نگرانی کے فرائض انجام دے گی اور ساتھ ساتھ گورنمنٹ ٹرانسپورٹ کو بھی یہ فورس مانیٹر کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی درخواست پر نئے بجٹ میں 500 بسوں کی فراہمی کی تجویز زیرِ غور ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اپنے پیروں پر کھڑا ہورہا ہے اور محکمے کو مزید مضبوط کیا جارہا ہے اور سندھ کے تمام اضلاع میں ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی بسوں کی سروس کو توسیع دیئے جانے کی اسکیم پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کا منتخب کردہ ادارہ ہے اور پارلیمنٹ کی توہین کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ واضح کردوں کہ ثاقب نثار کے بیٹے کی کسی پارٹی کے ٹکٹ بیچنے کی بات پرائیویٹ بات نہیں ہے کیونکہ ثاقب نثار اس ملک کے سابق چیف جسٹس رہ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار نے اپنے دور میں عمران خان کو صادق امین قرار دیا ، بنی گالہ ریگولرائز کیا اور اپوزیشن کے سیاستدانوں کو پابند سلاسل کیا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سمیت کسی بھی ادارے کی بے توقیری برداشت نہیں کی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار کی جانب سے اختیارات سے تجاوز کرکے دیئے گئے فیصلے ہی ان کے خلاف اوپن اینڈ شٹ کیس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا عمران خان منی لانڈرنگ میں ملوث ہے یا نہیں ہے انہوں نے سوال کیا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں عمران خان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے یا نہیں انہوں نے کہا کہ لاڈلے کو بی آر ٹی پشاور میں اسٹے آرڈر دیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ اپنے قومی اداروں پر حملے کروانا عمران خان کا سب سے گھنائو نا جرم ہے۔اور پھر یہ دھمکی دینا کہ ائندہ مجھے گرفتار کیا گیا تو یہی ردعمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اتنے سنگین جرائم کے باوجود عمران خان ایک دن بھی جیل نہیں گیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے لوگوں کو استعمال کیا اور بعد میں اپنے ہی لوگوں کو پہچاننے سے انکار کردیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے ایم این ایز، ایم پی ایز کی وڈیوذ کو پہچاننے سے انکار کر دیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز کو عمران خان نے اپنے عزائم کے لئے استعمال کیا اور آج پہچاننے سے انکاری ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ عمران خان اپنے کتنے لوگوں سے ملنے کے لئے جیل گئے کیا لیڈر ایسے ہوتے ہیں کہ اپنے کارکنوں کو مشکل میں تنہا چھوڑ دیںانہوں نے کہا کہ یہ لیڈر نہیں بلکہ اپنے کارکنوں کو استعمال کرنے والے سیاسی بہروپئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کمیونٹی عمران خان کے پراپیگنڈے کو ان کے اعمال کی روشنی میں دیکھے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صرف کارکنوں کو گرفتار کرنا دوہرا معیار ہے۔ اس سے بھی یہ ثابت ہوتا ہے کہ عمران خان نے اپنے کارکنوں کو استعمال کیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنی سیاست کے لئے کوئی نہ کوئی بیانیہ پیدا کرتی رہتی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات