Live Updates

190 ملین پاؤنڈ کے کیس : احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت غیر مؤثر ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا

بدھ 31 مئی 2023 21:44

190 ملین پاؤنڈ کے کیس : احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت غیر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2023ء) احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت غیر مؤثر ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایک صفحے پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ دلائل سے معلوم ہوا کہ بشریٰ بی بی کے کوئی وارنٹ گرفتاری جاری نہیں ہوئے۔

تفتیشی افسر کے مطابق وارنٹ جاری ہوئے نہ فی الحال بشریٰ بی بی کی گرفتاری درکار ہے۔فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے درخواست ضمانت دائر کی گئی، نیب آرڈیننس سیکشن 498 کے تحت بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت نمٹائی جاتی ہے۔اس سے قبل چیئرمین پی ٹی ا?ئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی 190 ملین پاؤنڈز کے مبینہ کرپشن کے کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوگئے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کیخلاف برطانیہ سے 190 ملین پاؤنڈز کی غیرقانونی سیٹلمنٹ کیس کی احتساب عدالت میں سماعت شروع ہوئی۔بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے 13 مئی کو ایک بیان جاری کیا۔جس میں نیب، چیئرمین کیخلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کی گئی، سابق وزیراعظم کی جانب سے نیب کیخلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ نیب نے بشریٰ بی بی کے وارنٹ جاری کئے، یہ بدنیتی ہے تاکہ نیب کو دبایا جاسکے۔ ہم نے چھاپہ مارا نہ حملہ کیا۔نیب پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، بشریٰ بی بی کے کبھی وارنٹ جاری نہیں کئے، درخواست گزار ہماری تفتیش میں ملزمہ ہیں، انویسٹی گیشن میں تعاون کریں۔اس سے قبل سابق وزیراعظم زمان پارک لاہور سے سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئے، عمران خان کے ہمراہ ایلیٹ فورس کی سیکیورٹی بھی موجود ہوگی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ہمراہ ان کے وکلائ کی ٹیم بھی تھی۔دوسری جانب عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، خواتین پولیس اہلکار بھی جوڈیشل کمپلیکس میں موجود ہیں۔واضح رہے کہ 9 مئی کو سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی ا?ئی عمران خان کو نیب نے رینجرز کی بھاری نفری کی مدد سے اسلام ا?باد ہائیکورٹ کے اندر سے گرفتار کرلیا تھا۔جس کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات