موجودہ سیاسی اور معاشی بحران کی واحد ذمہ دار صرف پی ڈی ایم ہے، فواد چوہدری

پی ڈی ایم حکومت کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیں گے، ملکر سیاسی استحکام کیلئے حل نکالیں گے

بدھ 31 مئی 2023 22:53

موجودہ سیاسی اور معاشی بحران کی واحد ذمہ دار صرف پی ڈی ایم ہے، فواد ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی اور معاشی بحران کی واحد ذمہ دار صرف پی ڈی ایم ہے،پی ڈی ایم حکومت کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیں گے، ملکر سیاسی استحکام کیلئے حل نکالیں گے،پاکستان کے مسئلے کوایک مستحکم حل کی طرف جاناہے،ملک کے پچیس کروڑ عوام کو نواز شریف، زرداری اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سہارے پر نہیں چھوڑ سکتے، نو مئی کو گرفتار کارکنوں کو جیلوں سے نکالنا ہماری ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اڈیالہ جیل راولپنڈی میں پی ٹی آئی رہنماء شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے بعد عمران اسماعیل اور مولوی محمود احمد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے کہا کہ نئی مردم شماری کے مطابق ملک کی آبادی 25کروڑ تک پہنچ گئی ہے ۔ ملک کے پچیس کروڑ عوام کو نواز شریف، زرداری اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سہارے پر نہیں چھوڑ سکتے۔

اٴْن کا کہنا تھا کہ ان حالات میں اس حکومت کی اپوزیشن کو خالی نہیں چھوڑ سکتے اور ان کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دے سکتے، آج بھی اپنے نظریے کے ساتھ کھڑے اور ملکی بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورت حال اور مسائل کے حوالے سے پی ٹی آئی کی سابق قیادت سے گفتگو اور مذاکرات ہوئے، اسد عمر سے رابطہ ہوا، اسد قیصر اور پرویز خٹک، ، علی زیدی، حماد اظہر، فرخ حبیب، شہزاد وسیم، عاطف خان، شہرام ترکئی سمیت سب سے رابطہ ہوا، تمام قیادت ملک کو مسائل سے نکالنے اور مستحکم پاکستان کی خواہش مند ہے اور امید ہے کہ ہم اس میں کامیاب ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں سیاسی استحکام کے لیے اپنی سیاسی کوششیں جاری رکھیں گے، موجودہ سیاسی اور معاشی بحران کی واحد ذمہ دار صرف پی ڈی ایم ہے، اب پاکستان کو مستقل مستحکم حل کی طرف جانا ہوگا جس کے لیے شاہ محمود قریشی بھی کردار ادا کرنے کیلیے تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا جو نظریہ ہے اس کے لیے ضروری ہے ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں۔

ہمارا ماننا ہے کہ پاکستان کو ایک مستحکم حل کی طرف جانا ہے اور حل نکالنا ہے۔ہماری اپنے سابق ساتھیوں سمیت تمام لوگوں کے ساتھ اچھی گفتگو ہوئی ہے، امید ہے کہ کوئی اچھا حل نکلے گا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ نو مئی کو جو ہوا نہیں ہونا چاہیے تھا ۔ ہم سب نے 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کی سخت مذمت کی ہے، جو عناصر اس میں شامل ہیں، اس کے خلاف کارروائی جاری ہے اور قانون اپنا راستہ لے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ شفاف تحقیقات جو بھی ہوں گی اور اس میں جو معاملات ہوں گے وہ آگے بڑھے گا۔ مگر اس کے بعد متعدد بے گناہوں کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالا گیا ہے، بے گناہ کارکنوں کو جیلوں سے باہرنکالنا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اپنی ذمہ داری ادا کریں گے۔