پرائز بانڈز کو نقد کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع

جمعرات 1 جون 2023 22:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2023ء) وفاقی حکومت نے عوام الناس کی سہولت کے لیے 7,500روپے، 15,000روپے، 25,000روپے اور 40,000روپے مالیت کے پرائز بانڈز کا تبادلہ/نقد کرانے کا ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30جون 2023 تک توسیع کر دی تھی۔ قبل ازیں حکومت نے ان پرائز بانڈز کو نقد کرانے کے لیے 30جون 2022 کی تاریخ مقرر کی تھی تاہم جو لوگ مقررہ مدت میں یہ پرائز بانڈز تبدیل نہیں کر اسکے انہیں آخری موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30جون 2023 تک توسیع کر دی گئی ۔

مذکورہ پرائز بانڈز کے سرمایہ کاروں کو انہیں نقد کرانے یا تبادلے کے لیے مختلف آپشنز دئیے گئے ہیں جس کے تحت پرائز بانڈز کو ظاہری مالیت پر نقد کرائے جاسکتے ہیں، ان بانڈز کی25,000روپے اور /یا 40,000 روپے کے پریمیم پرائز بانڈز(رجسٹرڈ)میں منتقلی ہوسکتی ہے،انہیں اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس میں بدلا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان پرائز بانڈز کا تبادلہ ملک بھر میں ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچوں سے 30جون 2023 تک کیا جا سکتا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے اس ضمن میں کمرشل بینکوں کو توسیع شدہ تاریخ تک پرائز بانڈز نقد کرانے یا ان کا تبادلہ کرنے کی درخواستیں قبول کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ان بانڈز کو رکھنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اس آخری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی ہولڈنگز کا 30جون 2023 سے قبل تبدیل کرا لیں۔ اس توسیع شدہ ڈیڈ لائن کی میعاد ختم ہونے کے بعد مذکورہ پرائز بانڈز کو نقد یا ان کا تبادلہ نہیں کرایا جا سکے گااور یہ قابل استعمال نہیں رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :