Live Updates

عمران خان ملک کی سلامتی کیلئے مودی سے کئی گنا زیادہ خطرناک دشمن ہے

مودی ایسا دشمن جس کی شناخت ہے لیکن ہماری صفوں میں موجود عمران خان کی لوگوں کو شناخت نہیں ہورہی، 9 مئی کو بغاوت ہوئی تھی جو ناکام بنا دی گئی، ملکی سلامتی کو خطرہ بیرونی نہیں اب اندرونی دشمن سے ہے۔ وزیردفاع خواجہ آصف کا دعویٰ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 1 جون 2023 21:41

عمران خان ملک کی سلامتی کیلئے مودی سے کئی گنا زیادہ خطرناک دشمن ہے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ یکم جون 2023ء) وزیردفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان ملک کی سلامتی کیلئے مودی سے زیادہ بڑا خطرہ ہے، مودی ایسا دشمن جو سامنے ہے، ہمیں اس سے کوئی خوف نہیں ، 9 مئی کو بغاوت ہوئی تھی جو ناکام بنا دی گئی، ملکی سلامتی کو خطرہ بیرونی نہیں اب اندرونی دشمن سے ہے۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی طور پر سیاسی ورکرزاور سیاسی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ہم لوگ اگر سیشن نہ ہو تو ہم حلقوں میں ہوتے ہیں، عوام کے ساتھ منسلک رہتے ہیں۔

سیاسی ورکرزعوام کے ساتھ سیاسی تعلق کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے۔اب ملک کو ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں ہے، دن بدن مشکلات کم ہوتی جا رہی ہیں۔بجٹ کی تجاویز اور سفارشات تیار ہوگئی ہیں، جو کہ آئی ایم ایف کو بھجوائی ہیں، اشیائے خوردونوش ، پاور، پیٹرولیم ، زراعت پر سبسڈی حکومت دیتی ہے۔

(جاری ہے)

اس میں تجاویز دی ہیں کہ سبسڈی کوٹارگٹڈ سبسڈی کی جائے۔ہمارے پاس بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ڈیٹا موجود ہے، ہم سمجھتے سبسڈی کی رقم کیش کی صورت دی جائے۔

کیونکہ بعض علاقوں میں یوٹیلیٹی اسٹور نہیں ہیں، پھر پیسا ان کے پاس ہوگا تو وہ اپنے چوائس کے مطابق چیز خرید سکتے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ 24 جون کو بجٹ منظور کیا جائے گا۔آئی ایم ایف کو ٹارگٹڈ سبسڈی پر کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ بجٹ سے پہلے پیٹرول مزید سستا ہونے کی امید ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات ٹھیک ہوگئے تو آئیڈیل صورتحال ہوجائے گی ، اگر آئی ایم ایف پروگرام کیلئے بین الاقوامی ایجنڈے کیلئے اثرورسوخ استعمال کرے تو پھر زیادتی ہے۔

آئی ایم ایف سے ہمیں بہت بڑی رقم نہیں مل رہی،لیکن دانشمندی کا یہی تقاضا کہ ہم ان کے پروگرام کے ساتھ اٹیچ رہنا چاہتے ہیں، لیکن جب آئی ایم ایف ہماری خودمختاری میں مداخلت شروع کردیں گے، مانیٹری فنڈ کی جگہ کوئی اور کردار ادا کرنا شروع کردیں گے کہ آپ پہلے سعودی عرب، یواے ای اور چین سے پیسے لیں، بلکہ وہ اب آئی ایم ایف نے اب ہمیں سیاست پر ڈکٹیشن دینا شروع کردی ہے۔

آئین پر عملدرآمد ہورہا ہے ہم نے کون سی خلاف ورزی کی ہے۔وزیردفاع نے کہا کہ مودی ایسا دشمن ہے جو سامنے نظر آرہا ہے ہم نمٹ رہے ہیں، ہمیں کوئی خوف نہیں ، ہم نے جنگیں لڑی ہیں، لیکن 9 مئی کو پی ٹی آئی نے جس طرح فوجی تنصیبات پر حملہ کیا وہ دشمن بھی نہیں کرسکا۔دہشتگردی کی جنگ میں ہماری افواج نے فتح حاصل کی۔ پاکستان کی سلامتی کو خطرہ بیرونی نہیں اب اندرونی دشمن سے ہے، عمران خان مودی سے زیادہ خطرناک دشمن ہے۔

9 مئی کو بغاوت ہوئی تھی جو ناکام ہوئی ہے۔ تاریخ میں جب بھی بغاوت ہوئی تو پھر کیا ہوا ہے؟ عمران خان کے خلاف شواہد کی بنیاد پر مقدمہ فوجی عدالت میں چلے گا، فوجی تنصیبات پر حملے کے مقدمات ملٹری کورٹ کے تحت ہی چلیں گے، فوجی عدالتوں میں فیصلے کے خلاف اپیل پر آرمی چیف فیصلہ کریں گے۔آرمی چیف کے فیصلے بعد سویلین عدالتوں میں بھی اپیل کا حق ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات