وزیراطلاعات سے جرمن سفیر کی ملاقات ، فلم، آرٹ اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر اتفاق

سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستانی ثقافت، تہذیب و تمدن پوری دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی گفتگو

جمعہ 2 جون 2023 16:24

وزیراطلاعات سے جرمن سفیر کی ملاقات ، فلم، آرٹ اور ثقافت کے شعبوں میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2023ء) پاکستان اور جرمنی نے فلم، آرٹ اورثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر اتفاق کیا ہے جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستان کی خوبصورت ثقافت اور تہذیب و تمدن پوری دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں، غیر ملکی فلم سازوں کو پاکستان میں عکس بندی اور فلم سازی کے شعبہ میں خصوصی رعایتوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے، پاکستانی طالب علموں کو فلم، آرٹ اینڈ کلچر میں فنی تربیت کی فراہمی کیلئے جرمن اداروں کے تعاون کے خواہاں ہیں۔

یہ بات انہوں نے پاکستان میں جرمنی کے سفیر ایلفرڈ گرناس سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فلم، آرٹ اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں بیبلسبرگ یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ٹیلی ویژن اینڈ فلم میونک کے ساتھ اشتراک عمل کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے جرمن سفیر کو فلم اینڈ کلچر پالیسی اور اس کے تحت دی گئی مراعات کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی اور پاکستان کی نجی سرکاری درس گاہوں میں تعاون سے فلم، آرٹ اینڈ کلچر کو فروغ مل سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے جرمن این جی اوز جی آئی زیڈ اور ہانس سیڈل فائونڈیشن کی پاکستان میں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کے لئے 18 کروڑ 40 لاکھ یورو کی امداد پر جرمنی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تغیرات کے مقابلے کے لئے بین الاقوامی کانفرنس میں 8 کروڑ 40 لاکھ یورو کی امداد کی فراہمی کا وعدہ جرمنی کی پاکستان دوستی کا ایک اور ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم کو 4 ارب ڈالر سے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اقبال اور گوئٹہ دونوں ممالک کے درمیان ایک قدر مشترک ہیں، برلن میں اقبال گوئٹہ آرٹ اینڈکلچر سینٹر کے قیام سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جرمن میڈیا پاکستان کے حالات کو معروضی اور غیرجانبدارانہ انداز میں رپورٹ کرتا ہے جو قابل تحسین ہے۔ جرمنی کی صحافتی تنظیم کے وفد کا آئندہ ماہ دورہ پاکستان بھی متوقع ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ جرمن سفیر نے وزیراطلاعات کی فلم اینڈکلچر کے فروغ کے لئین کوششوں کونسراہا۔