عید الاالضحیٰ کے موقع پر کھالیں جمع کرنے کی رجسٹرڈ تنظیموں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں،ڈپٹی کمشنرگجرات

اتوار 4 جون 2023 22:30

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2023ء) حکومت پنجاب کی ہدایا ت کے مطابق ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے عید الاالضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کی خواہشمند رجسٹرڈ تنظیموں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں، آخری تاریخ 17جون ہوگی، بعد ازاں کوئی درخواست وصول نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ رجسٹرڈ اور اہل تنظمیں اپنی درخواست بمعہ مجاز عہدے دار کے شناختی کارڈ کی کاپی، رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی کاپی اور گزشتہ سال کے این او سی کی کاپی اور کھالیں جمع کرنے کے منصوبہ کی تفصیلات کے ہمراہ اپنی درخواست جمع کروا سکتے ہیں، نامکمل درخواست مسترد کر دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کالعدم تنظمیں اور زیر نگرانی تنظمیں درخواست جمع کرانے کی اہل نہ ہوں گی، اگر یہ تنظیمیں کھالیں اکٹھی کریں تو شہری نیکٹا کی ہیلپ لائن 1717پر اطلاع دیں۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ جن تنظیموں کو این او سی جاری ہوگا ان کے لئے بذریعہ لاؤڈ سپیکر یا سائونڈ سسٹم اعلانات کرکے قربانی کی کھالیں جمع کرنا ممنوع ہوگا، کھالیں صرف ڈپٹی کمشنر کے مقرر کردہ پوائنٹس پر ہی اکٹھی کی جاسکتی ہیں، زبردستی کھالیں وصول کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔