جعلی بھرتیوں کے کیس میں اوٹی ایس کمپنی سے اصل نتائج حاصل کر لئے ،پنجاب اسمبلی میں جمع ہونے والے نتائج سے مختلف ہیں‘ سہیل چٹھہ

ٹمپرڈشدہ نتائج کے ذریعے گریڈ 17میں بھرتیاں کی گئیں ، لوگوں کو ذاتی تعلقات پر نوازا گیا یا پیسے لئے گئے ‘ ڈی جی اینٹی کرپشن کی گفتگو

اتوار 4 جون 2023 22:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2023ء) ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی جعلی بھرتیوں کے کیس میں اوٹی ایس کمپنی سے اصل نتائج حاصل کر لئے ہیں جو پنجاب اسمبلی میں جمع ہونے والے نتائج سے بالکل مختلف ہیں ، ٹمپرڈشدہ نتائج کے ذریعے گریڈ 17میں بھرتیاں کی گئیں ، لوگوں کو ذاتی تعلقات پر نوازا گیا یا پیسے لے کر بھرتیاں کی گئیں ، پرویز الٰہی کو عدالت کی جانب سے ریلیف دیا گیا ہے ،ہم ان فیصلوں کو چیلنج کریں گے، میری چودھری پرویز الٰہی سے کوئی ذاتی عناد نہیں ،جب وہ وزیر اعلیٰ تھے میں پنجاب میں پوسٹنگ نہیں تھا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اخبار میں پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں کا اشتہار آیا تھا، پیپر میں بہتر نمبر لینے والوں کو انٹرویو میں کم نمبر دے کر فیل کیا گیا، انٹرویو میں دوست مزاری بھی موجود تھے، کم نمبر والوں کو انٹرویو میں زیادہ نمبر دے کر بھرتی کیا گیا۔

(جاری ہے)

جو نتائج پنجاب اسمبلی بھجوائے گئے اس پر اس وقت کے وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کے دستخط ہیں ۔

ہمارا کیس بہت مضبوط ہے، بہتر پراسیکیوشن کریں گے، پرویز الٰہی کو گوجرانوالہ میں مقدمہ سے ڈسچارج کیا گیا، جس میں لکھا گیا کہ ایک وزیر اعلیٰ کو گرفتار کرنے کا طریقہ کار صحیح نہیں ہے، گوجرانوالہ عدالت کی ججمنٹ غیر قانونی ہے، گریڈ 22 کے افسر کو بھی گرفتار کر سکتے ہیں، پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ نہیں وہ سابق وزیر اعلیٰ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی اینٹی کرپشن کے مقدمے میں مطلوب تھے، اینٹی کرپشن کے مقدمات میں جن ملزمان کو ڈسچارج کیا گیا ہم ان کو چیلنج کر رہے ہیں، عدالت پر پر عدم اعتماد کیا گیا، ہم نے ایپلی کیشن دینا چاہی تھی، ڈیوٹی جج صاحب کا ایک سوشل میڈیا اکا ئونٹ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ او ٹی ایس سے ہم نے نتائج حاصل کیے ہیں جو پنجاب اسمبلی میں جمع ہونے والے نتائج سے بالکل مختلف ہیں، اس میں لوگوںکی حق تلفی ہوئی ہے ،ہم عدالت کے فیصلے کی عزت کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ عثمان بزدار کو بھی ہم گرفتار کرنا چاہتے ہیں، ان کی ضمانت منسوخ ہو چکی ہے، ہماری کوشش ہے کہ عثمان بزدار کو جلد گرفتار کر لیا جائے۔علاوہ ازیں محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی کی بریت کے حوالے سے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

اس حوالے سے ترجمان اینٹی کرپشن نے کہا کہ پرویز الٰہی کو ناجائز بھرتیوں کے کیس میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ترجمان نے واضح کیا کہ پرویز الٰہی کے کرپشن میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں، اینٹی کرپشن پرویز الٰہی کیسز کے فیصلوں پر اپیل میں جارہی ہے۔