لاہور،گھر میں آگ لگنے سے بہن بھائی جھلس کر جاں بحق ہوگئے

گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے کمرے کو اپنی لیٹ میں لیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 2 اپریل 2024 15:54

لاہور،گھر میں آگ لگنے سے بہن بھائی جھلس کر جاں بحق ہوگئے
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 اپریل2024 ء) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے برکی کے ایک گھر میں آگ لگنے سے بہن بھائی جھلس کر جاںبحق ہوگئے، گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی، آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے کمرے کو اپنی لیٹ میں لیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو فائر بریگیڈ کی ٹیمیں اور پولیس اہلکارجائے حادثے پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔

پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر مردہ خانے میں رکھوا دیں۔آگ لگنے سے گھر کے کمرے میں موجود ایک لڑکی وجیہ اور اسکا بھائی طاہر بری طرح جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بہن بھائی اوپر کمرے میں سو رہے تھے اور دونوں کا ذہنی توازن بھی ٹھیک نہیں تھا۔ پولیس نے مختلف پہلوو¿ں پر واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ چند عرصہ قبل لاہور کے گھر میں آگ لگنے سے 4 بہن بھائی جھلس کر جان کی بازی ہار گئے تھے۔

صوبائی دارالحکومت کے علاقے اچھرہ میں چوک بابا اعظم کے قریب رہائشی عمارت کی پانچویں منزل پر آگ لگی تھی۔ خوفناک آگ نے ہنستا بستا گھر ویران کر دیاتھا۔ گھر میں لگنے والی آگ سے چار بچے جھلس گئے تھے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق بچوں کی شناخت 12سالہ ایمان، 8 سالہ نور، 5 سالہ ابراہیم اور 2 سالہ اسماعیل کے نام سے ہوئی تھی۔پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی کارروائی مکمل کر لی تھی۔

دوسری جانب سابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اچھرہ کے علاقے میں گھر میں لگنے والی آگ افسوسناک واقعہ تھا اور حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہوا ہے۔انہوں نے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی تھی اور آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا تھا۔