ایمنسٹی انٹرنیشنل کا آئی سی سی سے غزہ پر 3 اسرائیلی حملوں میں جنگی جرائم کے ارتکاب کی تحقیقات کا مطالبہآ

پیر 27 مئی 2024 11:25

ایمنسٹی انٹرنیشنل  کا   آئی سی سی سے غزہ پر 3 اسرائیلی حملوں  میں  جنگی ..
غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2024ء) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے غزہ پر 3اسرائیلی حملوں میں جنگی جرائم کے ارتکاب کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) پر زور دیا ہے کہ وہ اپریل کے دوران غزہ میں اسرائیل کی طرف سے کئے گئے ان تین حملوں میں کئےگئے جنگی جرائم کی تحقیقات کرے جن میں 32 بچوں سمیت 44 فلسطینی شہری شہید ہوگئے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق ان حملوں میں 16 اپریل کو مغازی مہاجر کیمپ میں فوز بال کھیلتے ہوئے بچوں کی اموات اور 19 اور 20 اپریل کو رفح میں رہائشی عمارتوں پر 2 حملے شامل ہیں۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کی تحقیق، وکالت اور پالیسی کی سینئر ڈائریکٹر ایریکا گویرا روساس نے کہا کہ اسرائیلی فوج کے مذکورہ تینوں حملوں کا نشانہ بننے والے مقامات پر یاان کے آس پاس فوجی اہداف کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور نہ ہی پیشگی انتباہ کا کوئی اشارہ ملا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے نتائج اسرائیلی فوج کے غیر قانونی حملوں کے اہم ثبوت پیش کرتے ہیں کیونکہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سمیت سینئر اسرائیلی اور حماس کے عہدیداروں کے وارنٹ گرفتاری کے لیے درخواست دی ہے لیکن اس کے باوجود اسرائیلی فوج رفح میں اپنی کارروائیوں میں اضافہ کر رہی ہے ۔یہ صورتحال غزہ میں فوری جنگ بندی کی بھی متقاضی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 7 ماہ کے دوران غزہ میں کی گئی اسرائیلی فوجی کارروائیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ اسرائیلی فوج نے بین الاقوامی قانون کی دھجیاں اڑائی ہیں، فلسطینی شہریوں کو مکمل استثنا کے ساتھ قتل کیا ہے اور انسانی جانوں کی بے حرمتی کی ہے۔