تمام ثبوت اور شواہد دے چکی ہوں پولیس میرے شوہر کو گرفتار نہیں کر رہی،زینب جمیل

4 دن گزرگئے شواہد کے ہوتے ہوئے اس کے شوہر کو گرفتار کرنے سے گریز کیا جارہا ہے، پولیس کے پاس اس کی گرفتاری کا جواز موجود ہے،سابقہ اداکارہ کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 27 مئی 2024 15:25

تمام ثبوت اور شواہد دے چکی ہوں پولیس میرے شوہر کو گرفتار نہیں کر رہی،زینب ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مئی 2024 ) ڈیفنس میں قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والی سابقہ ماڈل و اداکارہ کا کہنا ہے کہ تمام ثبوت اور شواہد دے چکی ہوں پھر بھی مجھ پر حملے میں ملوث میرے شوہر کو پولیس نے ابھی تک گرفتار نہیں کیا،زینب جمیل نے متعلقہ اداروں سے انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شواہد کے ہوتے ہوئے اس کے شوہر کو گرفتار کرنے سے گریز کیا جارہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابقہ اداکارہ کاکہناتھاکہ پولیس کے پاس اس کی گرفتاری کا جواز موجود ہے۔ 4 دن گزرگئے تمام ثبوت اور بیان دے چکی ہوں لیکن پولیس نے حملے میں ملوث شوہر کو ابھی تک گرفتارنہیں کیا۔یہ بھی بتایاگیا ہے کہ زینب جمیل پر حملے کے کیس میں پولیس نے اس کے ڈرائیور سمیت دو افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس اب تک ایسے شواہد تک نہیں پہنچی جن کی بنیاد پر زینب جمیل کے شوہر کو گرفتار کیا جاسکے۔

لاہور میں حملے میں زخمی ہونے والی زینب جمیل کو حملے سے چند روز قبل بذریعہ خط قتل کی دھمکی بھی ملی تھی۔ خط میں مبینہ طور پر خاتون پر اس کے شوہرکی جانب سے حملے کا ذکر ہے۔خیال رہے کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس میں بیوٹی پارلر کے باہر سابقہ اداکارہ و ماڈل زینب جمیل پرقاتلانہ حملہ کیاگیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئیں تھیں۔ موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں کو زینب جمیل پر اس وقت فائرنگ کی تھی جب وہ اپنے سیلون کے سامنے اپنی گاڑی سے اتر رہی تھیں۔

ملزمان فائرنگ کر کے فرار ہوگئے تھے۔ اس واقعے میں زینب کو 6 گولیاں لگیںتھیں۔پولیس نے زینب جمیل کے ماموں کی مدعیت میں دو نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیاتھا۔قاتلانہ حملے میں زخمی زینب جمیل کا اس سے قبل کہنا تھا کہ انہیں فون پر بھی سنگین دھمکیاں مل رہی تھیں ۔ انہیں دھمکی آمیز خطوط بھی بھیجے گئے۔ تاہم وہ ملزمان کو نہیں جانتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے کچھ افراد پر شبہ ہے جن کا نام پولیس کو بتا چکی ہوں، یہ کوئی ڈکیتی کی واردات نہیں مجھ پر حملہ کیاگیاتھا۔ انہوں نے اپنے شوہر پربھی شبہ ظاہر کیا۔ یاد رہے کہ اداکارہ اور ان شوہر کے درمیان 2 سال سے اختلافات چل رہے ہیں۔پولیس نے زینب جمیل کے ماموں کی مدعیت میں 2 نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کیاتھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ تحقیقات جاری ہیں، ملزمان کا جلد سے جلد سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔