Live Updates

اگر پولی گرافک ٹیسٹ ہونے لگ گئے توپھر فارم 47کی ساری حکومت نااہل ہوجائے گی

کیا پولی گرافک ٹیسٹ ہم موجودہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے ہوتے کروائیں گے؟ جو ہماری پارٹی پر پابندی لگا کر ہمیں غداری کے کٹہرے میں کھڑا کرنے جارہے ہیں۔مرکزی رہنماء پی ٹی آئی سردار لطیف کھوسہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 23 جولائی 2024 22:13

اگر پولی گرافک ٹیسٹ ہونے لگ گئے توپھر فارم 47کی ساری حکومت نااہل ہوجائے ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جولائی 2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ اگر پولی گرافک ٹیسٹ ہونے لگ گئے توپھر فارم 47کی ساری حکومت نااہل ہوجائے گی،کیا پولی گرافک ٹیسٹ ہم موجودہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے ہوتے کروائیں گے؟جو ہماری پارٹی پر پابندی لگا کر ہمیں غداری کے کٹہرے میں کھڑا کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے منسوب اعترافی بیان کی قانون کی نظر میں دھیلے کی وقعت نہیں ہے، قانون کے سامنے اس بیان کو عمران خان کا بیان بھی تصور نہیں کیا جاسکتا۔ انہو ں نے کہا کہ نوازشریف نے جب دو آرمی چیف پر ہاتھ ڈالا تو شدید ردعمل دیا گیاتھا، پھر نوازشریف نے پرویز مشرف کے جہاز کو پاکستان میں لینڈ نہیں کرنے دیا، پھر نوازشریف پر ہائی جیکنگ کا مقدمہ بناکر سزا دی گئی۔

(جاری ہے)

اگر پولی گرافک ٹیسٹ کروائے جائیں تو فارم 47کی حکومت ساری ناہل ہوکر چلی جائے گی، پولی گرافک ٹیسٹ نہیں ہوسکتا کیونکہ میری ہی پٹیشن پر جسٹس بابرستار نے بشریٰ بی بی کیس میں پولیس کو پولی گرافک ٹیسٹ سے روک دیا تھا، کیا ہم پولی گرافک ٹیسٹ ایسی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے ہوتے کروائیں گے؟جو ہمیں ویسے ہی ہماری پارٹی پر پابندی لگا کر ہمیں غداری کے کٹہرے میں کھڑا کرنے جارہی ہے، ان کی کوئی اخلافی کریڈیبلٹی نہیں ہے، ان کو پولی گرافک ٹیسٹ کرنے کا آئینی قانونی طریقے سے کوئی استحقا ق نہیں۔

اس موقع پر وزیراطلاعات نشریات عطا ء اللہ تارڑ نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا اعترافی بیان 9 واقعات کا اقبال جرم ہے، عمران خان کی تینوں بہنیں کورکمانڈر ہاؤس کے باہر موجود تھیں، بھانجے حسان نیازی موجود تھے، پی ٹی آئی رہنماؤں کو کہتے دیکھا جاسکتا ہے کہ آپ اپنے ٹارگٹ پر پہنچیں آپ کو بتایا گیا ہے کہ آپ نے کیا کرنا ہے؟وہ کام کریں جو بتایا گیا ہے ، میں سمجھتا ہوں کہ کیس کا معاملہ انجام کی جانب جارہا ہے۔

پہلے کہا گیا کہ فوج نے ان کو روکا کیوں نہیں اگر کورکمانڈر ہاؤس کی طرف جارہے تھے، واقعے کے ثبوت جتنے بھی تھے وہ ویڈیو ثبوت تھے یا فرانزک تھے، موبائل ٹاور سے اگر لوکیشن لی گئی تو تمام رہنماء وہاں موجود تھے۔ پولیس آج تفتیش کیلئے گئی لیکن عمران خان نے پولی گرافک ٹیسٹ سے انکار کیا، پولی گرافک ٹیسٹ سے پتا چل جاتا ہے کہ انسان سچ بول رہا ہے یا جھوٹ بول رہا، مطلب ایک طرف اعترافی بیان دیتے ہیں دوسری پولی گرافک ٹیسٹ دینے سے انکار کرتے ہیں ، اپنے سپورٹرز کو میسج دیتے کہ ڈٹ جاؤ ہم نے کروایا تھا، لیکن جب تحقیقاتی ادارے جاتے ہیں تو آپ ٹیسٹ دینے سے انکار کرتے ہیں، دوغلا معیار نہیں ہونا چاہئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات