خیبرپختونخوا کے تمام ضم اور دیگر اضلاع میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے 12 جدید فورک لفٹرز گاڑیاں حوالہ کردی گئیں

پیر 29 جولائی 2024 17:19

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2024ء) خیبرپختونخوا کے تمام ضم اور دیگر اضلاع میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے 12 جدید فورک لفٹرز گاڑیاں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ٹریفک پولیس کے حوالہ کردی گئیں۔ اس سلسلے میں سنٹرل پولیس آفس پشاور میں تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی جی خیبر پختونخوا پولیس اختر حیات خان نے اُن اضلاع کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ٹریفک پولیس کو فورک لفٹرز کی چابیاں حوالہ کیں۔

اس موقع پرایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوارٹرز اول خان اور ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن ، فنانس اینڈ پروکیورمنٹ عباس مجید مروت سمیت متعلقہ افراد موجود تھے۔ ڈی آئی جی فنانس اینڈ پروکیورمنٹ عباس مجید نے فورک لفٹرز گاڑیوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ٹریفک انفورسمنٹ کے لیے 40 فورک لفٹرز گاڑیاں خریدی گئی ہیں، جن میں 12 گاڑیوں کی پہلی کھیپ جو جدید سہولیات اور نظام سے لیس ہے موصول ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نےکہا کہ ٹریفک نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مزید سازوسامان بھی خریدا جائے گا۔ اس موقع پر آئی جی پولیس اختر حیات خان نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک انفورسمنٹ جدید ماڈرن پولیسنگ کا اہم حصہ ہے اور بتدریج صوبہ بھر میں ماڈرن ٹریفک پولیسنگ کے لیے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں ۔فورک لفٹرز گاڑیاں اس لیے بھی ضروری ہیں کہ بعض اوقات کھڑی گاڑیوں میں تخریبی سرگرمیاں بھی رونما ہوتی ہیں۔

آئی جی پی نے کہا کہ لکی مروت، ٹانک اور تمام ضم شدہ اضلاع میں کوئی فورک لفٹر نہیں تھا اور کہا کہ جو اضلاع و سائل کے حوالے سے پیچھے رہ گئے ہیں اُن کو دوسرے اضلاع کے برابر لانے کے لیے بھر پور کوششیں کی جائیں گی۔آئی جی پی نے کہا کہ ٹریفک کا نظام بہت اہم شعبہ ہے اور اس سے کسی بھی شہر کے لوگوں کی طرز زندگی کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔

ہماری کوشش ہے کہ پورے صوبے بشمول ضم شدہ اضلاع میں ہائی وے ٹریفک یونٹ بنائے جائیں اور آہستہ آہستہ ان کے یونیفارم بھی ایک جیسے بنائے جائیں ۔ آئی جی پی نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں پولیس بھرتیاں ہو رہی ہیں نئے قابل اور اہل اُمیدواران ضم شدہ اضلاع کا حصہ بن رہے ہیں، اور وہاں بھی پولیس ایک پروفیشنل فورس میں تبدیل ہو رہی ہے۔ آئی جی پی نے متعلقہ پولیس حکام پر زور دیا کہ وہ نئی گاڑیوں کی صفائی، استعمال اور حفاظت کا خیال رکھیں۔

بعد ازاں آئی جی پی نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ٹریفک پولیس کو فورک لفٹرز کی چابیاں حوالہ کیں۔ جن اضلاع کو فورک لفٹرز فراہم کئے گئے ان میں ضلع خیبر ، کرم، اورکزئی، مہمند، باجوڑ، شمالی وزیرستان، اپر جنوبی وزیرستان، لوئر جنوبی وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور لکی مروت شامل ہیں۔