وزیراعلی مریم نوازسے سیکرٹری ایمرجنسی سروسزڈاکٹر رضوان نصیر کی ملاقات، ائیرایمبولینس پراجیکٹ اور موٹروے ریسکیو 1122سروسز کے آغاز پر تبادلہ خیال

ہفتہ 3 اگست 2024 22:50

وزیراعلی مریم نوازسے سیکرٹری ایمرجنسی سروسزڈاکٹر رضوان نصیر کی ملاقات، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2024ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے سیکرٹری ایمرجنسی سروسزڈاکٹر رضوان نصیر نے ملاقات کی،جس میں ائیرایمبولینس پراجیکٹ اور موٹروے ریسکیو 1122سروسز کے آغاز پر تبادلہ خیال کیاگیا-ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایئر ایمبولینس پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی اور ائیر ایمبولینس پائلٹ رن سے متعلق آگاہ کیا گیا- بہاولنگر اورمیانوالی سے ایئر ایمبولینس کے ذریعے دور دراز علاقوں میں مریضوں کی منتقلی کے بارے میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا-ڈاکٹر رضوان نصیر نے صوبے کے مختلف شہرو ں میں ایئرایمبولینس کی لینڈنگ کے انتظامات پر بریفنگ دی-ملاقات میں ایئر ایمبولینس کے لئے نئے جہازوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیاگیا-سینٹرل پنجاب میں ہنگامی حالت کی صورت میں مریض کی فوری منتقلی کیلئے وزیراعلی پنجاب کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر اتفاق کیا-سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت پر وزیراعلی کا شکریہ ادا کیا-وزیراعلی نے ائیر ایمبولینس پراجیکٹ پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے موٹرویز پر ریسکیوسروسز کے جلد آغاز کے لئے اقدامات کی ہدایت کی- انہوں نے کہاکہ پنجاب کو ائیر ایمبولینس سروس کا آغاز کرنے والا پہلا صوبہ ہونے کا اعزاز حاصل ہوچکاہے-ہارٹ اٹیک، ہیڈ انجری اور سپائنل انجری کی صورت میں مریض کاگولڈن آور میں ہسپتال پہنچنا ضروری ہے-گولڈن آور میں مریض کی بڑے ہسپتال منتقلی بہت بڑا ٹاسک ہے-ہر فرد کی جان قیمتی ہے، ائیر ایمبولینس سے دور دراز کے مریض کو علاج کیلئے بڑے ہسپتال پہنچایا جاسکے گا-انہو ں نے کہاکہ ائیر ایمبولینس پراجیکٹ عوام کے لئے ہے،ایمرجنسی کی صورت میں جان بچائی جاسکے گی-موٹرویز کے انٹر چینج پر ریسکیو 1122ایمبولینس موجود ہوگی- موٹرویز پر حادثات کی صورت میں ریسکیو ایمبولینس کا فورا پہنچنا ممکن ہوگا-پنجاب موٹرویزپر ایمبولینس شروع کرنے والا پہلا صوبہ ہوگا-ریسکیو سروسز میں پنجاب، پاکستان ہی نہیں جنوبی ایشیا میں رول ماڈل بن چکا ہے-چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔