Live Updates

پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو کنفیوژن کا شکار ہیں کہ حکومت میں رہیں یا باہر بیٹھیں

جہاں مفاد نظر آتا وہاں حکومت میں جہاں بہتر نہیں لگتا وہاں باہر ہوجاتے، موجودہ حکومت پارلیمنٹ اور عدالت کو آمنے سامنے کھڑا کرکے خود مسئلہ کھڑا کررہی ہے۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی زین قریشی کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 9 اگست 2024 22:37

پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو کنفیوژن کا شکار ہیں کہ حکومت میں رہیں یا ..
لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اگست 2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء زین قریشی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو کنفیوژن کا شکار ہیں کہ حکومت میں رہیں یا باہربیٹھیں،، جہاں مفاد نظر آتا وہاں حکومت میں جہاں بہتر نہیں لگتا وہاں باہر ہوجاتے ، موجودہ حکومت پارلیمنٹ اور عدالت کو آمنے سامنے کھڑا کرکے خود مسئلہ کھڑا کررہی ہے۔

انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے جو بات مفاہمت اور سیاسی قوتوں کو اکٹھے بیٹھنے کیلئے کی ہے، اس کی ہم تعریف کرتے ہیں، لیکن ہم نے شروع دن سے یہ بات کی تھی کہ اگر آپ چاہتے ہیں پی ٹی آئی سیاست میں آپ لوگوں کے ساتھ بیٹھے تو تین مطالبات کئے تھے، بلاول بھٹو بھی اس حکومت کا حصہ ہیں، ہم نے کہا تھا 8فروری کے الیکشن پر کمیشن بنا دیں، 1970سے لے کر آج تک کسی بھی الیکشن کو کسی نے مانا نہیں ہے، بلاول بھٹو نے شفاف الیکشن کیلئے کیا کردارادا کیا ہے؟پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو کنفیوژن کا شکار ہیں کہ حکومت میں رہیں یا حکومت سے باہر، جہاں مفاد نظر آتا حکومت کے اندر ہوجاتے جہاں بہتر نہیں لگتا وہاں باہر ہوجاتے ہیں، بلاول بھٹو نے سارا ملبہ عدلیہ پر گرا دیا ہے، جبکہ موجودہ حکومت خود مسئلہ کھڑا کررہی ہے، حکومت اور عدالت کو آمنے سامنے کھڑا کررہی ہے۔

(جاری ہے)

اگر فیصلہ اچھا نہیں لگتا تو نظرثانی میں جائیں، عجلت کا شکار کیوں ہیں؟ ملک کیلئے ایک تماشا کھڑا کردیا گیا، تاکہ پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں کا حصہ نہ مل سکے ۔ اس کو روکنے کیلئے قانون سازی کیلئے بل لے کر آگئے ہیں، سیاسی مفاہمت کیلئے پیپلزپارٹی اپنا کردار ادا کرسکتی ہے۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنماء قادر خان مندوخیل نے کہا کہ عمران خان کہتے فوج ہمارے ساتھ مذاکرات کرے، فوج مذاکرات کیلئے اپنا نمائندہ مقرر کردے، کیا فوج کے حلف میں یہ نہیں لکھا ہوا کہ وہ سیاست سے دور رہیں گے، کیا عمران خان فوج کو حلف کی خلاف ورزی کیلئے نہیں اکسا رہے؟مذاکرات سیاستدانوں کو سیاستدانوں کے ساتھ کرنے چاہئیں، بلاول بھٹو اور آصف زرداری نے بھی یہ بات کی، 2018میں جب پی ٹی آئی کو مسلط کیا گیا تب یہ بات کی تھی۔

 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات