چوہدری شافع حسین کی محنت رنگ لے آئی، چینی کمپنی پنجاب میں سولر پینلز مینوفیکچرنگ کا کارخانہ لگانے کیلئے تیار

ہفتہ 10 اگست 2024 17:35

چوہدری شافع حسین کی محنت رنگ لے آئی، چینی کمپنی پنجاب میں سولر پینلز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2024ء) پنجاب حکومت اور چین کی سولر انرجی کمپنی آئکو(AIKO) کے مابین پنجاب میں پہلا سولر پینلز مینوفیکچرنگ کا کارخانہ لگانے کے حوالے سے معاہدہطے پاگیا, معاہدے کی رو سے چین کی کمپنی پنجاب میں سولر پینلز مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ کا پلانٹ لگائے گی،صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور آئکو کمپنی کے ساؤتھ پیسفک ریجن کے صدر مسٹر ایلیکس ہینگ (Alex Hang) نے معاہدے پر دستخط کئے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں سینچورین انرجی کمپنی کے سی ای او فیصل جاوید، چینی اور مقامی کمپنیوں کے حکام اور سرمایہ کاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کی کمپنی آئکو پنجاب میں سولر پینلز مینوفیکچرنگ کا پہلا کارخانہ لگائے گی جس سے سولر پینلز پنجاب میں بنیں گے اور یہ پینلز مقامی مارکیٹ میں فراہم کریں گے اور ایکسپورٹ بھی ہوں گے انہوں نے کہا کہ انڈیا سولر پینلز بنا رہا ہے اور ہرسال ایک ارب ڈالر کے سولر پینلز تیار کرکے برآمد بھی کر رہا ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ انڈسٹری اور گھروں کو مہنگی بجلی سے نجات دلانے کا واحد حل سولر انرجی کا فروغ ہے، گزشتہ 5ماہ میں 21سے زائد غیر ملکی سولر انرجی کمپنیوں سے مل چکا ہوں متعدد کمپنیوں نے پنجاب میں سولر انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ سولر انرجی سیکٹر میں اشتراک بھی کریں گے، چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں 7 ہزار ٹیوب ویلوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، حکومت کم آمدنی والے افراد کو مفت اور قسطوں پر سولر پینلز دے گی. انہوں نے کہا کہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 650ایکڑ رقبے پر گارمنٹ سٹی بنایا جا رہا ہے اور گارمنٹ سٹی بھی سولر انرجی پر ہوگا، صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ انڈسٹری، گھروں اور اداروں کو سستی بجلی کی فراہمی کے لئے مل کر کام کریں گے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سولر پینلز کی ٹیسٹنگ لیب بھی بنائیں گے، چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ہرادارہ محنت سے کام کرے تو آئی ایم ایف سمیت کسی مالیاتی ادارے سے قرض لینے کی ضرورت نہ پڑی-تقریب سے چینی کمپنی کے حکام مقامی سرمایہ کاروں نے بھی خطاب کیا تقریب کے دوران چینی کمپنیوں اور مقامی کمپنیوں کے مابین اشتراک کی 3مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط ہوئے۔