Live Updates

مریم نواز تاثر دیتی جیسے مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر کی بیٹی ہے یا خود مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر ہے

مریم نواز پنجاب میں ایک ناجائز حکومت میں بیٹھی ہے، پی ٹی آئی کو عوام نے مینڈیٹ دیا لیکن جلسے جلوسوں کی اجازت نہیں دی جارہی ۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 10 اگست 2024 18:59

مریم نواز تاثر دیتی جیسے مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر کی بیٹی ہے یا خود مارشل ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست 2024ء) سابق اسپیکر ، مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مریم نوازتاثر دیتی جیسے کسی مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر کی بیٹی ہے یا خود مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر ہے، مریم نواز پنجاب میں ایک ناجائز حکومت میں بیٹھی ہے۔ انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام نے 8 فروری کو بانی پی ٹی آئی کا ساتھ دیا، ہم سے مینڈیٹ چھینا گیا۔

پنجاب میں امن وامان اور بدامنی کی جو صورتحا ل ہے یہ بنیادی طور پر ایک ناجائز حکومت ہے، خواتین پر زیادہ بات نہیں کرتا، لیکن افسوس ہوتا ہے مریم بی بی جس طرح موڈ بناتی ہے اور پھر بات کرتی ہے، ایک ناجائز حکومت میں بیٹھی ہے، تاثر دیتی ہے جیسے کسی مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر کی بیٹی ہے یا خود مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب میں عملی طور پر بنیادی انسانی حقوق نہیں ہیں، پنجاب میں تحریک انصاف کو جلسے جلوسوں کی اجازت نہیں۔

سپریم کورٹ نے واضح کہہ دیا کہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے، پی ٹی آئی کو وہ تمام حقوق حاصل ہیں جو ایک سیاسی جماعت کے ہوتے ہیں۔ ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ مارتے تھے اور جلسے جلوس کرتے تھے یہ وہ ووٹ کو عزت ہے؟ کہ آپ اپنے مخالفین کو جلسے نہیں کرنے دیتے۔ 11اگست کو پنجاب میں جلسہ کریں گے۔ دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و رہنماء پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کیلئے کیس کریں گے، عوام اور فوج کے درمیان ن لیگ اور پی پی پی خلا بنا رہی ہے، آئین کے آرٹیکل 7 کے مطابق ریاست مجلس شوری ہے، 2024 الیکشن کا سال ہے، ہماری کسی سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی،انسداد دہشت گردی عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماء تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ نو مئی واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لے آئیں۔

آئین کے مطابق سیاستدان سیاست کریں۔ کل بجلی کی قیمت میں اڑھائی روپے یونٹ اضافہ ہوا ہے جس شخص کی تنخواہ 20 یا 25 ہزار روپے ہے وہ کیسے گزارا کرے۔ انہوں نے کہا کہ لیکشن کمیشن کو آزاد ہونا چاہیے۔ یہ الیکشن کا سال ہے۔ اس بھنور سے مضبوط وزیراعظم ہی ملک کو نکال سکتا ہے۔ یہ فارم 47 کی حکومت کچھ نہیں کر سکتی۔ فوج ،ایف سی اور انٹیلی جنس ایجنسیز ریاست کے اوزاراور ملازم ہیں۔ فوج اور اداروں کو اپنے دائرہ میں رہنا چاہیے۔ریاست قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی اور ٹیکس عائد کرنے والے ادارے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی سی سی ٹی وی فوٹیج کیلئے کیس کریں گے۔ہماری کسی سے کوئی ڈیل نہیں چل رہی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات