پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی 3 نئے محکموں میں تقسیم، نوٹیفکیشن جاری

کمرشل ایئرپورٹس کو پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا حصہ بنا کر الگ محکمہ بنا دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 13 اگست 2024 12:14

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی 3 نئے محکموں میں تقسیم، نوٹیفکیشن جاری
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست 2024ء ) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو تقسیم کرکے 3 نئے محکمے قائم کر دیئے گئے، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی تقسیم کے معاملے پر نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو تقسیم کرتے ہوئے 3 نئے محکمے قائم کیے گئے ہیں، ریگولیٹری شعبہ جات پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا حصہ ہوں گے، کمرشل ایئرپورٹس کو پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا حصہ بنا کر الگ محکمہ بنا دیا گیا ہے جب کہ تیسرا محکمہ طیاروں کے حادثات کی تحقیقات سے متعلق بورڈ آف سیفٹی انویسٹی گیشن ہے، سیفٹی بورڈ طیاروں کے حادثات کی تحقیقات کرے گا۔

اس کے علاوہ سول ایوی ایشن، ایئرپورٹس اتھارٹی، بورڈ آف سیفٹی انویسٹی گیشن کے قیام کے الگ الگ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیئے گئے ہیں، فلائٹ سٹینڈرڈ، پائلٹ لائسنسنگ، ایروڈروم ایئرسپیس بھی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا حصہ ہوں گے جب کہ ایئروردی نیس، ایئرٹرانسپورٹ اور ایئرومیڈیکل بھی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا حصہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وزارت ہوابازی نے سول ایوی ایشن کے بڑے منصوبوں میں مبینہ کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اے اے میں براہ راست بھرتیوں کی بھی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے، سی اے اے کے شعبہ فلائٹ سٹینڈرڈ، ایس کیو ایم ایس، ایرومیڈیکل ڈائریکٹرز اور ایڈیشنل ڈائریکٹرز کی بھرتیوں میں میرٹ کو نظر انداز کیا گیا، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور سٹاف لیول کی بھرتیوں میں میرٹ کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

ذرائع کی جانب سے یہ بھی معلوم ہوا ہے بھرتیوں میں میرٹ کی خلاف ورزی پر شعبہ ایچ آر حکام کے متعلق وزارت ہوابازی کو شکایات ملی ہیں۔وزارت ہوابازی کے اعلی حکام نے تمام معاملات کی شفاف تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزارت ہوابازی کو بھرتیوں اور منصوبوں میں مبینہ کرپشن کی شکایات موصول ہونے پر ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :