راولپنڈی ٹیسٹ، بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 565 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی

پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 448 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 24 اگست 2024 16:48

راولپنڈی ٹیسٹ، بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 565 رنز بنا کر پوویلین ..
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 اگست 2024ء ) راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان کیخلاف اپنی پہلی اننگز میں 565 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ہے، مہمان ٹیم کو قومی ٹیم پر 117 رنز کی برتری حاصل ہے۔ پنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلا دیش نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 316 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو مشفیق الرحیم 55 اور لٹن داس 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر تھے ، لٹن داس اپنے گزشتہ روز کے سکور میں صرف 4 رنز کے اضافے کے بعد نسیم شاہ کو وکٹ دے بیٹھے۔

مشفیق الرحیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 11 ہویں سنچری مکمل کی، مشفیق الرحیم 191 رنز کی شانداز اننگز کھیلنے کے بعد محمد علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ مشفیق الرحیم کے بعد مہمان ٹیم کے باقی بلے باز بھی جلد پویلین لوٹ گئے اور پوری ٹیم 565 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

(جاری ہے)

بنگلادیش کے دیگر بلے بازوں میں شادمان اسلام 93، مہدی حسن میراز،77 اور مومن الحق 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے3، شاہین آفریدی نے 2، محمدعلی نے 2 اور خرم شہزاد نے 2 وکٹیں لیں جب کہ صائم ایوب نے بھی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 448 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔ گرین شرٹس کی جانب سے عبداللہ شفیق نے 2، صائم ایوب 56، کپتان شان مسعود 6، بابراعظم 0، نائب کپتان سعود شکیل 141، محمد رضوان 171، آغا سلمان 19 اور شاہین شاہ آفریدی نے 29 رنز اسکور کیے۔ بنگلادیش کے شریف الاسلام اور حسن محمود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن مرزا اور شکیب الحسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔