تعلیمی بورڈ کے زیرِ اہتمام انٹرمیڈیٹ کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم

بدھ 4 ستمبر 2024 16:33

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2024ء) بورڈآف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری کے زیرِ اہتمام انٹرمیڈیٹ امتحانا ت میں پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب بورڈ دفتر میں منعقد ہوئی۔تقریب میں وائس چانسلر جامعہ سرگودہا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس،ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)محمد وسیم، ممبر صوبائی اسمبلی سردار عاصم شیر میکن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) عمر فاروق،سیکرٹری بورڈ ابو الحسن نقوی، کنٹرولر امتحانات ریاض قدیر بھٹی کے علاؤہ پرنسپلز، طلباء و طالبات اور والدین سمیت دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

وائس چانسلر نے ڈپٹی کمشنر اور دیگر مہمانوں کے ہمراہ کمپیوٹر کا بٹن دبا کر نتیجہ آن لائن کیا۔ گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکرکے طالب علم محمد حمزہ نے 1156 نمبرز کے ساتھ مجموعی طور پر پہلی، پنجاب کالج بھکر کی طالبہ سکینہ زہرا نے 1153 نمبرز کے ساتھ دوسری جبکہ پنجاب کالج سرگودہا کے حسن شریف اور سپیرئیر کالج سرگودہا کی طالبہ حادیہ مسعود نے 1151 نمبرزکے ساتھ مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)محمد وسیم اور ایم پی اے سردار عاصم شیر میکن نے پوزیشن ہولڈرز میں میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو تقریباً دو لاکھ روپے کا لیپ ٹاپ بھی دیا گیا۔وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کامیاب طلباء وطالبات ان کے اساتذہ اور والدین کو مبارکباد دی اور طلبہ کی آئندہ زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے پوزیشن ہولڈرز کو جامعہ سرگودہا میں سکالرشپ دینے کے علاؤہ نجی تعلیمی اداروں کی فیکلٹی کی جامعہ میں ہیومن ریسورس سنٹر پر تربیت کرنے کا بھی اعلان کی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ ہی ہمارا روشن مستقبل ہیں اور خاص طور طالبات کا کثیر تعداد میں پوزیشن حاصل کرنا اس بات کی غمازی کرتا ہے مستقبل کی مائیں پڑھی لکھی اور اچھی نسل تیار کریں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا شاندار نتائج کی تیاری پر تعلیمی بورڈ کی پوری انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے طلباء وطالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی توجہ حصول ِتعلیم پر مرکوز رکھیں روشن مستقبل ان کا منظر ہے۔ اُنہوں نے والدین سے بھی کہا کہ وہ ہر ممکن کوشش کریں کہ ان کے بچے اعلی تعلیم حاصل کریں۔