اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ زراعت (توسیع) سمبڑیال كا کاشتکاروں کو منظور شدہ قسم كی كاشت كا مشورہ

بدھ 4 ستمبر 2024 16:43

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2024ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع)سمبڑیال ڈاکٹر افتخار احمد وڑائچ نے کاشتکاروں کو منظور شدہ قسم چناب برسیم، جئی، لوسرن، رائی اور بہاریہ مکئی کی برقت کاشت یقینی بنانے کا مشورہ دیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر میں آئے کاشتکاروں کے ایک وفد سے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ فصل سے ضررساں کیڑوں کے علاوہ بیماریوں کا بروقت انسداد بھی ضروری ہے،غذائی اور نقد آور فصلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے برسیم اور جئی چارہ جات کی مخلوط کاشت کے فروغ سے اعلیٰ غذائیت سے بھر پور چارہ کی فراہمی سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا زیادہ تر انحصار زراعت پر ہے اور زراعت میں لائیو سٹاک کا حصہ تقریبا55فیصدہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دودھ کی پیداوارمیں اضافہ اور جانوروں کو فربہ کرنے میں غذائیت سے بھر پور چارہ جات کی فراہمی بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈایریاز میں کئے گئے تجربات سے ثابت ہوا کہ اگر ہم زمین کا صحیح انتخاب وتیاری، اچھا بیج، مناسب اور متناسب کھادوں کا استعمال، بروقت کاشت، برداشت ،دیگر زرعی عوامل اور ماہرین کی سفارشات پر عمل کریں تو چارہ جات کی فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا جاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :