وزیراعلی سندھ دورہ امریکا مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے

کراچی واپسی کے بعد ان سے چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ملاقات کی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا

منگل 10 ستمبر 2024 21:43

وزیراعلی سندھ دورہ امریکا مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2024ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ دورہ امریکا مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے۔ کراچی واپسی کے بعد ان سے چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ملاقات کی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے جاپان کے سفیر مسٹر وادا مستوہیرو نے بھی ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات اور تجارت پر بات چیت کی۔

جاپانی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان جاپان کو گارمینٹس اور زرعی اجناس برآمد کرتا ہے جس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ جاپان کو آم برآمد کرنے کیلئے سندھ حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ اچھے معیار کے آموں کی جاپان میں اچھی مارکیٹ ہے۔ جاپان کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ نے انہیں بتایا کہ سندھ میں نئے اکنامک زون قائم ہو رہے ہیں، جاپان کے سرمایہ کاروں کو ہم سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، ملاقات میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور متاثرین کی بحالی پر بھی بات چیت ہوئی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ موسمی تبدیلیوں کے باعث سندھ میں معمول سے زائد بارشین ہو رہی ہیں، جائیکا سندھ حکومت کے ساتھ کام کر رہی ہے۔وزیراعلی سندھ نے سندھ اسمبلی کے جاری اجلاس میں بھی شرکت کی۔ سیشن کے دوران انہوں نے سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ سے ان کی نشست پر جا کر ملاقات کی۔ سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلی سندھ سے خواتین اراکین اسمبلی نے بھی آکر ملاقات کی جس پر وزیراعلی نے اپنی نشست سے اٹھ کر ان کیساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔