Live Updates

پی ڈی ایم حکومت نے مشکل فیصلے کرکے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا‘احسن اقبال

مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے ساڑھے 9 فیصد پر آگئی ہے، پالیسی ریٹ کی کمی سے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی دوست ممالک نے تقریباً اگلے 5 سالوں کے لیے 27 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروائی ہے‘پریس کانفرنس

اتوار 15 ستمبر 2024 17:10

پی ڈی ایم حکومت نے مشکل فیصلے کرکے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا‘احسن ..
ط*اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2024ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت نے مشکل فیصلے کرکے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور حکومتی اقدامات سے معاشی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی۔یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے ساڑھے 9 فیصد پر آگئی ہے، ملک میں مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آنے کی وجہ سے اسٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ میں 2 فیصد کی کمی کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ کی کمی سے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی، ملک میں بیرونی سرمایہ کاری آرہی ہے جب کہ یہ وہ تمام اعشاریے ہیں جو حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں سامنے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر اگر دیکھا جائے تو پچھلی حکومت نے چین کو مجبور کردیا تھا کہ وہ سی پیک سے ہاتھ کھینچ لے وہ دوبارہ سی پیک فیز ٹو کے لیے پوری طرح آمادہ ہے اور پاکستان کے ساتھ 5 نئے کوریڈورز شروع کرنے کے لیے اپنی حمایت کی یقین دہانی کراچکا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے ذریعے ہمارے دوست ممالک نے تقریباً اگلے 5 سالوں کے لیے 27 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروائی ہے جس میں سعودی عرب 5 ارب ڈالر، یو اے ای اور کویت نے 10،10 ارب ڈالر جب کہ آذربائیجان نے 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ مواقع ہیں جو اب پاکستان کے دروازے پر دستک دے رہی ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ملک کے اندر امن، استحکام، پالیسی کے تسلسل اور مستقل اصلاحات سے ان مواقع سے پورا فائدہ اٹھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کا ترقیاتی بجٹ سکڑ کر 1100 ارب رہ گیا ہے، یہ ہمارے کل اخراجات کا 4 فیصد ہے، 2018 میں جب ہم نے حکومت چھوڑی اس وقت پاکستان کا ترقیاتی بجٹ ایک ہزار ارب تھا جس سے 2013 میں 340 ارب سے بڑھایا گیا تھا یعنی 5 سالوں میں ڈھائی سے تین فیصد ترقیاتی بجٹ میں اضافہ ہوا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات