پی ٹی آئی ایم این ایز کی تمام مقدمات میں ضمانت بعدازگرفتاری منظور،رہائی کا حکم

عدالت نے پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کی ضمانت 30،30 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور اور اراکین اسمبلی کو فوری رہا کرنے کا حکم بھی دیدیا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 16 ستمبر 2024 10:46

پی ٹی آئی ایم این ایز کی تمام مقدمات میں ضمانت بعدازگرفتاری منظور،رہائی ..
اسلا م آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16ستمبر 2024 ) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رکن قومی اسمبلی کی تمام مقدمات میں ضمانت بعداز گرفتاری منظورکر لی ،عدالت نے تمام مقدمات میں پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کی ضمانت 30،30 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔

انسداد دِہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے گرفتار پی ٹی آئی ایم این ایز کے خلاف تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی۔پراسیکیوٹر نے موقف اختیارکیا کہ ایم این اے احمد چٹھہ مقدمے میں نامزد ہیں۔ مقدمے میں جو دفعات لگائی گئی ہیں ان کی سزا کم سے کم 3 سال ہے ضمانت منظور نہ کی جائے۔

(جاری ہے)

جج ابو الحسنات محمد ذولقرنین نے استفسار کیا کہ شیر افضل مروت ، احمد چٹھہ اور دیگر اراکین قومی اسمبلی سے کچھ برآمد ہوا ہے جس پر پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ کچھ برآمد نہیں ہوا۔بعدازاں عدالت نے تمام مقدمات میں پی ٹی آئی کے گرفتار ایم این ایز کی 30، 30 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

پی ٹی آئی کے گرفتار ایم این ایز میں شیر افضل مروت، شیخ وقاص، زین قریشی، احمد چٹھہ، عامر ڈوگر، یوسف خان، نعیم علی شاہ اور دیگر شامل ہیں۔ ان کے ساتھ پی ٹی آئی ایم این ایز میں اویس حیدر جکھڑ، شاہ احد اور زبیر خان بھی شامل ہیں۔ پی ٹی آئی ایم این ایز پر تھانہ سنگجانی، ترنول، نون اور تھانہ سنبل میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔

واضح رہے کہ9 ستمبر کو اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اور شعیب شاہین کو گرفتار کر لیا تھا۔10 ستمبر کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصافکے رہنماوں شیر افضل مروت، عامر ڈوگر، زین قریشی، نسیم شاہ، احمد چٹھہ و دیگر کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے شعیب شاہین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔بعدازاں12 ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے ممبران قومی اسمبلی کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دے دیا تھا۔