Live Updates

وزارت دفاع کا عمران خان کے ممکنہ ملٹری ٹرائل سے متعلق لاعلمی کا اظہار

وزارتِ دفاع کے پاس آج دن تک سابق وزیراعظم کی ملٹری حراست یا ٹرائل کی کوئی اطلاع نہیں، اس حوالے سے کوئی درخواست بھی نہیں آئی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب

Sajid Ali ساجد علی پیر 16 ستمبر 2024 11:09

وزارت دفاع کا عمران خان کے ممکنہ ملٹری ٹرائل سے متعلق لاعلمی کا اظہار
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 ستمبر 2024ء ) وزارت دفاع نے سابق وزیراعظم عمران خان کے ممکنہ ملٹری ٹرائل سے متعلق لاعلمی کا اظہار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی جہاں ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سامنے بیان دیا کہ وزارتِ دفاع کے پاس آج دن تک عمران خان کی ملٹری حراست یا ٹرائل کی کوئی اطلاع نہیں، اس حوالے سے کوئی درخواست بھی نہیں آئی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے عمران خان کے وکیل عذیر بھنڈاری سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارک دیئے کہ ’حکومت کے بیان کے بعد آپ کی درخواست قبل از وقت ہے، عدالت آپ کی بے چینی سمجھتی ہے لیکن آپ ہماری حدود کو بھی سمجھیں، میرے پاس اس کیس میں آگے بڑھنے کیلئے کچھ نہیں ہے‘۔

(جاری ہے)

گزشتہ سماعت پر اسلام آباد آہائیکورٹ کے سابق وزیراعظم عمران خان کے ملٹری ٹرائل ہونے نہ ہونے سے متعلق اٹارنی جنرل سے وضاحت طلب کی تھی، دوران سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے عمران خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ ’آپ کہہ رہے ہیں کوئی کیس نہیں لیکن آگے ہو سکتا ہے؟‘، جس پر وکیل عذیر بھنڈاری نے کہا کہ ’ہمیں خدشہ ہے‘، عدالت نے کہا کہ ’یہ سیاست ہے‘، اس پر وکیل بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ ’ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے بیان آیا ہے‘، اس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے قرار دیا کہ ’وہ بھی سیاست ہے‘۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ’اعلیٰ حکومتی اور فوجی عہدیداروں کی طرف سے بیانات دیے گئے ہیں‘، اس موقع پر عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عظمت بشیر تارڑ کو روسٹرم پر طلب کرلیا اور ہدایت کی کہ ’اٹارنی جنرل آفس سے ہدایات لے کر عدالت کو آگاہ کیا جائے کیوں کہ وزراء کی طرف سے ملٹری ٹرائل کی دھمکی دی گئی، عمران خان ایک سویلین ہیں اور کسی سویلین کا ملٹری ٹرائل عدالت کیلئے فکر کی بات ہے‘۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ ’حکومت سے پتا کرکے بتائیں کیا عمران خان کے ملٹری ٹرائل کا معاملہ زیرغور ہے؟ اگر ایسا کچھ نہ ہوا تو درخواست غیرمؤثر ہو جائے گی لیکن اگر ایسا کچھ زیرغور ہے تو پھر ہم اس کیس کو سن کر فیصلہ کریں گے‘، ان ریمارکس کے ساتھ ہی اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست پر عائد اعتراضات دور کر دیئے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے رجسٹرار آفس کو درخواست پر نمبر لگانے کی ہدایت کردی اور 16 ستمبر تک وفاقی حکومت سے وضاحت طلب کرلی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات