پٹرول کی قیمتوں میں کمی،37 شہروں کے کرایوں کا نیا شیڈول بھی جاری

زائد کرایہ وصول کرنے پر 3لاکھ 58 ہزار 500 سو روپے کے جرمانے، 30 گاڑیاں بند کردی گئیں

بدھ 18 ستمبر 2024 21:42

پٹرول کی قیمتوں میں کمی،37 شہروں کے کرایوں کا نیا شیڈول بھی جاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2024ء) وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے 37 شہروں کے لئے نجی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا نیا شیڈول بھی جاری کردیا گیا۔وفاقی حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے اعلان پر پنجاب میں انتظامیہ حرکت میں آگئی، مریم نواز نے پنجاب میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کرانے کا حکم دیدیا جس کے بعد 37 شہروں کے لئے نجی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا نیا شیڈول بھی جاری کردیاگیاہے۔

صوبے بھرکی انتظامیہ کوٹرانسپورٹ کرایوں کی چیکنگ کے لئے گرینڈ آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی ہے، مریم نواز کے احکامات پر مسافروں کے لئے ٹرانسپورٹ کرایوں میں 40 سے 250 روپے تک کمی کردی گئی ہے۔پنجاب کے 41 شہروں میں گاڑیوں کی چیکنگ، مسافروں سے وصول کردہ کرائے کے بارے میں جانچ پڑتال کی گئی۔

(جاری ہے)

جس کے بعد ایک بار پھر مسافروں کو ایک لاکھ پانچ ہزار 540 روپے زائد وصول کیا گیا کرایہ واپس کردیا گیا، زائد کرایہ وصول کرنے پر 3 لاکھ 58 ہزار 500 روپے کے جرمانے اور 30 گاڑیاں بند کردی گئیں۔

وزیر اعلیٰ کی جانب سے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، کمشنرز، ڈپٹی کمشنر، ٹرانسپورٹ اتھارٹی حکام اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو فیلڈ میں رہنے اور سخت چیکنگ کی ہدایات جاری کی گئیں، اور زائد وصول کیا گیا کرایہ شہریوں کو واپس کرنے کا حکم دیا گیا۔