کراچی : صدر موبائل مارکیٹ میں 12 لاکھ کی ڈکیتی کرنے والے 2 ملزمان گرفتار

جمعہ 20 ستمبر 2024 16:43

کراچی : صدر موبائل مارکیٹ میں 12 لاکھ کی ڈکیتی کرنے والے 2 ملزمان گرفتار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2024ء) صدر موبائل مارکیٹ کے ملازمین سی12 لاکھ روپے چھیننے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ، گرفتارملزمان نے دوران تفتیش درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے صدرموبائل مارکیٹ میں بارہ لاکھ کی ڈکیتی کرنے والے دو ملزموں کو گرفتارکرلیا، ملزمان میں راشد اور مصلب شامل ہیں تاہم ملزمان کا تیسرا ساتھی نوررحمان 13 ستمبر کو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

اقبال مارکیٹ پولیس نے اورنگی اور حوا گوٹھ پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو زخمی ڈاکوں سمیت چھ ملزموں کو پکڑ لیا، حوا گوٹھ میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک زخمی ڈاکو سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ اورنگی ٹاون پولیس نے شہری سے لوٹ مار میں مصروف 2 ملزمان کو مقابلے کے بعد موقع سے گرفتار کیا۔ملزمان سے غیرقانونی اسلحہ، مال مسروقہ، موبائل فونزاورموٹرسائیکلیں برآمد کرلی گئیں ہیں ، جس کے بعد پولیس نے ملزمان سے برآمد موبائل فون اوردیگر اشیا متاثرہ شہری کے حوالے کردی۔پولیس حکام کے مطابق گرفتارملزمان نے دوران تفتیش درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔