جنوبی کوریا کے صدرنے وزیردفاع کا استعفیٰ قبول کرلیا

جمعرات 5 دسمبر 2024 16:53

جنوبی کوریا کے صدرنے وزیردفاع  کا استعفیٰ قبول کرلیا
سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2024ء) جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے وزیر دفاع کم یونگ ہیون کا استعفیٰ قبول کر لیا ۔ یونہاپ نیوز کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے وزیر دفاع کم یونگ ہیون کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔انہوں نے چوئی بیونگ ہائیک کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا، جو سعودی عرب میں بطور سفیر خدمات انجام دینے والے ریٹائرڈ آرمی جنرل ہیں۔

اس سے قبل شمالی کوریا کے میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ کم یونگ ہیون ہی تھے جنہوں نے صدر کو مارشل لاء کے اعلان کی تجویز پیش کی تھی۔

(جاری ہے)

4 دسمبر کو، کم یونگ ہیون نے مارشل لا اور اس کے نتیجے میں ہونے والے ہنگاموں کی ذمہ داری قبول کی اور اپنا استعفیٰ پیش کیا۔3 دسمبر کی شام کو جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول نے مارشل لا کے نفاذ کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنے فیصلے کا یہ کہہ کر جواز پیش کیا کہ اپوزیشن جس کی پارلیمنٹ میں سب سے زیادہ نشستیں ہیں، اہم حکومتی شخصیات سمیت اپنے نمائندوں کا مواخذہ کرنے کی کوشش کر کے ایگزیکٹو برانچ کے کام کو مفلوج کر رہی ہے۔ جنوبی کوریا کے رہنما نے زور دے کر کہا کہ وہ یہ اقدامات شمالی کوریا کے حامی عناصرسے نمٹنے اور آئینی نظام کے تحفظ کے لیے کر رہے ہیں۔