درود پاکؐ دل روشن کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، مولانا عبد الحبیب عطاری

بدھ 8 جنوری 2025 21:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء) شعبہ پروفیشنل فورم کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ایک سیشن کا انعقاد ہوا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عاشقا ن رسول نے شرکت کی، مولانا عبد الحبیب عطاری نے سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے ''ذکر اللہ اور درود پاک کی کثرت'' کے فضائل بیان کئے۔انہوں نے کہا کہ درود پاک دل کی صفائی کا نسخہ ہے،ہرمسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا دل روشن ہواور دل کو روشن کرنے کا آسان ترین طریقہ یہی ہے کہ نبی کریم ﷺ پرکثرت سے درود پاک پڑھا جائے۔

مولانا عبد الحبیب عطاری نے مزید کہا کہ درود پاک بڑے کمال کا وظیفہ ہے،وہ کون سا فائدہ ہے جو درود پاک میں نہیں ہی ً درود پاک پڑھنے سے نہ صرف پریشانیاں دور بلکہ عزت میں اضافہ، روزی میں برکت،پریشانیوں سے نجات اور سکون قلب حاصل ہوتا ہے لہٰذاا ذکر و اذکار ہر مسلمان کی زندگی کا حصہ ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جہاں نیا اسلام سال شروع ہوا وہاں عزت والا مبارک مہینہ رجب المرجب بھی شروع ہوا،اس کے بعد شعبان پھر رمضان کا مہینہ آنے والا ہے،ہمیں نئے سال کیلئے ایسی منصوبہ بندی کرنی چاہئے جس سے نیکیوں میں اضافہ اور ہمارا دل روشن ہو۔ مولانا عبدالحبیب عطاری نے عاشقان رسول کو ترغیب دی کہ روزمرہ کے معمولات میں ذکر و اذکار کو شامل کریں، اجتماع کے اختتام پر دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :