بھارتی فورسز کی چھاپہ مارکارروائیاں، 500سے زائد کشمیری گرفتار

منگل 4 فروری 2025 20:15

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسزنے ضلع کولگام اورملحقہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے 500سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کرلیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آپریشن بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز، پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے مشترکہ طور پر کیا۔

بھارتی فورسز نے بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا جواز پیش کرنے کے لیے گرفتارفراد پر مجاہد تنظیموں کے کارکن اورماضی میں بھارت دشمن اورآزادی پسند سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایاہے۔یہ گرفتاریاں کلگام کے علاقے بیہی باغ میں پیر کو ہونے والے حملے کی آڑ میں کی گئیں جس میں بھارتی فوج کا ایک سابق اہلکار ہلاک اور اس کی بیوی اور بیٹی زخمی ہو گئی تھی ۔

(جاری ہے)

ایک سینئر پولیس افسر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے گرفتاریوں کی تصدیق کی اورکہاکہ ہم نے عسکریت پسندوں کے نیٹ ورکس سے تعلق رکھنے والے افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے وادی بھر میں آپریشن کا آغاز کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جرم کے مرتکب افراد کی شناخت اور اس طرح کے مزید حملوں کو روکنے کے لیے 500سے زائد مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے گرفتارکیا گیا ہے۔بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے ضلع کولگام اور گردونواح میں بڑے پیمانے پرتلاشی کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے ڈرونزاور تربیت یافتہ کتوں کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔