Live Updates

بھارتی پنجاب کے شہریوں کے لیے رات کو لائٹس بند کرنے کا حکم

بھارتی حکومت جان بوجھ کر انڈین پنجاب کے مکینوں کو تاثر دے رہی ہے کہ پاکستان حملہ کر سکتا ہے،ذرائع

پیر 12 مئی 2025 14:47

چندی گڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء)جنگ بندی کے باوجود بھارت کے سرحدی علاقوں کی سول انتظامیہ اور عسکری حکام خوف اور ڈر کا شکار ہیں۔ پاک بھارت سرحد سے جڑے بھارتی شہروں کی انتظامیہ کی طرف سے شہریوں کو رات کے وقت لائٹس بند کرنے کے احکامات دیے جا رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق عسکری ذرائع نے بتایاکہ بھارتی حکومت جان بوجھ کر انڈین پنجاب کے مکینوں، خاص طور پر سکھوں کو یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ پاکستان کی طرف سے ان پر حملہ کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے جنگ کے دوران بھی امرتسر سمیت بھارت کے کسی شہر میں آبادی کو نشانہ نہیں بنایا، مگر بھارتی حکومت نے سکھوں کے لیے مقدس ترین شہر امرتسر میں میزائل اور ڈرون حملے خود کر کے اس کا الزام پاکستان پر عائد کیا، تاکہ سکھ برادری کو پاکستان کے خلاف کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اب بھی انڈین پنجاب کے مختلف اضلاع کی سول انتظامیہ کی جانب سے خوف کی فضا برقرار رکھنے کے لیے احکامات جاری کیے جا رہے ہیں۔

ضلع بٹھنڈہ کی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رات کے وقت گھروں کی لائٹس بند رکھیں، تاہم اسکول کل حکومتی ہدایات کے مطابق کھلے رہیں گے۔ انتظامیہ نے یہ بھی کہا ہے کہ حالات کے پیش نظر کوئی تبدیلی کی جا سکتی ہے۔اسی طرح ضلع موگا کی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر رات کو لائٹس بند رکھیں اور گھروں کے اندر رہیں۔ضلع برنالہ کی انتظامیہ نے واضح اعلان کیا ہے کہ شہری آج رات 8 بجے تمام لائٹس بند رکھیں اور احتیاطی تدابیر کے طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ عوام سے پرامن رہنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات