Live Updates

جنگ میں ذلت آمیز شکست کے بعدحقائق کو چھپانے کے لیے بھارت کا بین الاقوامی میڈیا کے خلاف کریک ڈائون

پیر 12 مئی 2025 15:33

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) پاکستان کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کے بعدبھارت نے اپنی فوجی کارروائیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کرنے والے بین الاقوامی میڈیاکے اداروں کے خلاف منظم کریک ڈائون شروع کر دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مودی حکومت نے صحافیوں پر غلط معلومات فراہم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ان اداروں کو بلاک کر دیا ہے، انہیں قانونی کارروائی کی دھمکی دی ہے تاکہ اپنی متنازعہ پالیسیوں کا دفاع کیا جاسکے اور عالمی احتساب اور تحقیقات سے بچا جاسکے۔

مودی حکومت نے 10مئی کو پاکستان کے ساتھ جنگ میں شکست کے بعد سے 8ہزارسے زیادہ سوشل میڈیا اکائونٹس کو بلاک کر دیا ہے۔بھارت نے آئی ٹی کے کالے قوانین کے تحت ''ایکس ''کو حکم دیا کہ وہ'' بی بی سی اردو''،''مکتوب میڈیا'' اور''دی وائر'' جیسے عالمی خبر رساں اداروں کے اکائونٹس کو بلاک کر دے اور شہری ہلاکتوں اور فوجی غلطیوں کے حوالے سے حقائق پر مبنی ان کی رپورٹنگ کو ملک دشمن قرار دیا ۔

(جاری ہے)

سرحدی کشیدگی سے متعلق'' سی این این'' کی رپورٹس کا حوالہ دینے پر'' دی وائر ''جیسے آزاد پلیٹ فارم پر پابندی لگا دی گئی جبکہ بی بی سی اردو کا اکائونٹ بند کیا گیا۔ انورادھا بھسین اورمزمل جلیل جیسے صحافیوں پرغداری کا الزام لگاتے ہوئے ان کے اکائونٹس معطل کئے گئے۔سوشل میڈیا کمپنیوں کو دھمکی دی گئی ہے کہ اگر انہوں نے حکم ماننے سے انکار کیا توان کے مقامی ملازمین کو جرمانہ اور گرفتار کیا جائے گا۔ ایکس نے کہا کہ حکومت نے اکائونٹس کو روکنے کے لیے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا، جبکہ سدھارتھ وردراجن جیسے صحافیوں نے ان کارروائیوں کو غیرآئینی اورپریس کی آزادی پر حملہ قراردیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات