Live Updates

اندازوں کی غلطی بھارت کی شکست اور زلت کا سبب بنی، میاں زاہد حسین

پاکستان کوکمزور سمجھنا بے جی پی کے انتہا پسندوں کولے ڈوبا، مودی تباہ شدہ ساکھ کی بحالی کے لئے کچھ بھی کر سکتا ہے،صدر کراچی انڈسٹریل الائنس

پیر 12 مئی 2025 18:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء) نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، ایف پی سی سی ائی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ انتہا پسند مودی اوراسکی ٹیم کے اندازوں کی غلطی بھارت کی شکست اورجگ ہنسائی کا سبب بنی ہے۔

پاکستان کوکمزورملک سمجھنا بے جی پی کولے ڈوبا۔ اب مودی اوراسکی پارٹی کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے۔ بھارت تباہ شدہ ساکھ کی بحالی کے لئے کچھ بھی کرسکتا ہے اس لئے ہمیں چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت پراپوزیشن اورعوام کا دباو ہے کہ جنگ بندی کیوں کی۔

(جاری ہے)

اب بھارت ہرقیمت پراپنی ذلت کو کامیابی میں تبدیل کرکے اپنی عوام کومطمئن کرنے کی کوشش کرے گا جوسیزفائرکی خلاف ورزی تک محدود نہیں رہے گا۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ مودی بھارت کوناقابلِ تسخیراورپاکستان کوقابل تسخیرسمجھنے کی غلطی کرتا رہا ہے جواسکی بھول تھی۔ قیمتی جہازوں، ائیرفیلڈر،ائیرسٹرپس، اسلحے کے ڈپواورسب سے بڑھ کر اربوں ڈالرکے روسی دفاعی نظام کی تباہی سے بھارت کی ساکھ تباہ اوردفاع کمزور پڑگیا ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ جن طاقتوں نے بھارت کی جارحیت کی حوصلہ افزائی کی تھی اب مودی انہی کے ذریعے اپنے اقتداراورملک کوبچا رہا ہے۔

ہماری مسلح افواج نے فتح حاصل کرکے قوم کا سرفخرسے بلند کردیا ہے۔ مسلح افواج کی بے مثال کارکردگی نے نہ صرف ملک کی سلامتی کویقینی بنایا بلکہ دنیا بھرمیں پاکستان کی ساکھ میں زبردست اضافہ کیا ہے۔ کامیابی کے باوجود پاکستان بردباری اورذمہ داری کا مظاہرہ کررہا ہے جولائق تحسین ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان نے پہل نہیں کی صرف جوابی کارروائی کی ہے اوراگربھارت نے دوبارہ پاکستان کے خلاف جارحیت کی توپہلے سے زیادہ سخت جواب دینا ہوگا۔

آبی جارحیت کا آغازبھی بھارت نے کیا اورمیزائل حملوں کے ذریعے سول آبادی کونشانہ بنانے کا آغازبھی بھارت نے کیا۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ بھارت جب چاہے حملہ کرے اورجب چاہے سیزفائرکرے۔ اس جنگ میں بھارت جارح ہے اورپاکستان اپنا دفاع کررہا ہے۔ پاکستان اپنے کارڈ درست اندازمیں کھیلے توبہت فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ حالیہ صورتحال میں پوری قوم متحد ہے جوہماری اصل طاقت ہے۔

قومی یکجہتی ہی ہردشمن کوشکست دینے کی ضمانت ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی محاذ پربھی کارکردگی شانداررہی ہے۔ دوست ممالک نے پاکستان کے موقف کی تائید کی اوربھارتی جارحیت کی مذمت کی جو ہماری اخلاقی فتح ہے۔ اگرچہ جنگی صورتحال معیشت پر اثراندازہوسکتی تھی لیکن پاکستان نے اپنی معاشی حکمت عملی سے صورتحال کوسنبھالا دیا ہے۔ میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ کاروباری برادری کوچاہئے کہ وہ استحکام کے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک میں سرمایہ کاری کوفروغ دیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات