Live Updates

سردار یوسف کا عازمین حج کو فوری طور پر نسوک کارڈ کی فراہمی کا مطالبہ

بدھ 14 مئی 2025 00:50

اسلام آباد/مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2025ء) وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے پاکستان حج مشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ سعودی عرب پہنچنے والے عازمین حج کو فوری طور پر نسوک کارڈ کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ جانے والے تمام 2800 عازمین حج کو ان کے کارڈ پہلے ہی مل چکے ہیں۔

حجاج کرام کو فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار کے حوالے سے انہوں نے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منظور شدہ معیارات پر پورا نہ اترنے والی کسی بھی کیٹرنگ کمپنی کو بلیک لسٹ کیا جائے۔وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ حجاج کرام کو مسجد الحرام تک لے جانے والی بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ ان کی نقل و حرکت کو آسان بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

.واضح رہے کہ نسوک کارڈز کی تقسیم پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کی بنیاد پر کی جا رہی ہے جو زائرین کی مدد کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے۔اجلاس میں ڈی جی حج مشن عبدالوہاب سومرو، چیف کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مرزا علی محسود، ڈائریکٹر مکہ عزیز اللہ خان، کوآرڈینیٹر ذوالفقار خان اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات