دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کے عوام اور ریاستی اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں ، ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند

ہفتہ 17 مئی 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے خضدار کے علاقے صمند میں لیویز چیک پوسٹ پر مسلح افراد کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ ریاستی رٹ پر حملہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ ہفتہ کو یہاں جاری ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کے عوام اور ریاستی اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے حملے میں لیویز کے چار جوانوں کی شہادت کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سپوت مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے ہیں ۔شاہد رند نے کہا کہ شہداءنے اپنی جانوں کی جو عظیم قربانی دی ہے، وہ بہادری اور قربانی کی مثال ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

(جاری ہے)

حکومت بلوچستان شہداءکے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ حملے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور امن دشمنوں کے لیے بلوچستان کی سرزمین تنگ کر دی جائے گی۔ ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کو خراب کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی اور دہشت گردی کے خلاف ریاستی ادارے پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔