استور ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری کا اہم سماجی شعبہ جاتی منصوبوں کا دورہ

منگل 20 مئی 2025 16:31

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) ایڈیشنل چیف سیکریٹری مشتاق احمد نے دو اہم سماجی ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے  دورہ کیا۔ یہ منصوبے جٹیال، گلگت میں پچاس بستروں پر مشتمل کارڈیک اسپتال اور مین گریوٹی ٹرنک سیوریج پروجیکٹ ہیں۔کارڈیک اسپتال کے دورے کے دوران، ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو سیکریٹری صحت، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کارڈیک ہسپتال نے موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسپتال کو فعال بنانے کے لیے درکار 15 اہم بائیو میڈیکل آلات موجودہ بجٹ کے دستیاب بچت اور 15 فیصد مجاز اضافی حد کے تحت خریدے جا سکتے ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ وہ ڈائریکٹر جنرل پی پی آر اے گلگت بلتستان سے مشاورت کے بعد فوری طور پر ان اشیاء کی خریداری کا عمل شروع کریں تاکہ تمام متعلقہ قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کی جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ اسپتال کو جلد از جلد فعال بنانے کے لیے اس عمل کو بغیر کسی غیر ضروری تاخیر کے مکمل کیا جائے ۔باقی آلات اور دیگر ضروریات کے لیے ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے محکمے کو ہدایت دی کہ وہ ایک جامع کیس تیار کریں اور مزید مالی معاونت کے لیے اسے سینٹرل  ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی میں پیش کریں۔بعد ازاں، ایڈیشنل چیف سیکریٹری مشتاق احمد نے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا بھی دورہ کیا اور مین ٹرنک سیوریج لائن کی تنصیب کا جائزہ لیا، جو تقریبا پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر  شہید سیف الرحمان اسپتال سے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ تک بچھائی جارہی ہے۔

حکام نے انہیں بتایا کہ پی ایس ڈی پی منصوبہ کے تحت ایک جامع سیوریج نظام تشکیل دیا جا رہا ہے۔ اور منصوبے کے تقریباً آدھے علاقے میں سیوریج لائنز کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے یا تکمیل کے قریب ہے۔یہ دورے گلگت بلتستان میں صحت اور صفائی کے شعبے کو مزید بہتر بنانے اور عوامی فلاحی منصوبوں کی شفاف اور موثر تکمیل کے لیے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔\378

متعلقہ عنوان :