بھارت ہٹ دھرمی کا راستہ ترک کرکے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے راستہ ہموار کرے، ڈی ایف پی

منگل 27 مئی 2025 11:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی(ڈی ایف پی )نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کیلئے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈوکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بااثر عالمی حکومتوں خاص طور پر امریکہ کی جانب سے کردار اس مسئلے کے منصفانہ اور دیرپا حل کی راہ ہموار کر سکتا ہے جو دو جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسیوں کے درمیان کشیدگی کی بنیادی سبب ہے۔

ترجمان نے کہا کہ تنازعہ کے حل کیلئے کسی بھی قسم کی بات چیت میں تینوں فریقوں پاکستان ، بھارت اور کشمیریوں کا ہونا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی امنگوںاور خواہشات کا پاس و لحاظ رکھنا نہایت ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری قیادت نے ہمیشہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور باعزت حل کے لیے بات چیت کی حمایت کی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ خطے میں امن و استحکام طویل عرصے سے جاری تنازعہ کشمیر کے حل پر منحصر ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بھارت ضد اور ہٹ دھرمی کا راستہ ترک کرے اور کشمیر کے بنیادی مسئلے سمیت تمام مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے طویل عرصے سے تعطل کا شکار مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرے۔ترجمان نے پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔