ایٹمی طاقت کا حصول امن قائم رکھنے کا دانشمندانہ فیصلہ تھا، یوم تکبیرپر صدرو وزیر اعظم کی قوم کو دلی مبار کباد

پاکستان نے آج کے دن اپنی جوہری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، ہماری ایٹمی صلاحیت امن کی ضامن ہے، آج کے دن عہد کرتے ہیں پاکستان کو معاشی قوت بنا کر دنیا میں حقیقی مقام دلائیں گے، آصف زرداری وشہبازشریف کا یوم تکبیر پر قوم کے نام پیغام

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 28 مئی 2025 10:15

ایٹمی طاقت کا حصول امن قائم رکھنے کا دانشمندانہ فیصلہ تھا، یوم تکبیرپر ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 مئی 2025)ایٹمی طاقت کا حصول امن قائم رکھنے کا دانشمندانہ فیصلہ تھا، یوم تکبیرپر صدرو وزیر اعظم کا قوم کو مبار کباد، پاکستان کی ایٹمی صلاحیت امن کی ضامن ہے، پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں، صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم تکبیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نے آج کے دن اپنی جوہری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

صدر نے ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی طاقت کا حصول امن قائم رکھنے کا دانشمندانہ فیصلہ تھا۔پاکستان کی ایٹمی صلاحیت امن کی ضامن ہے جو ملکی خود مختاری اور قومی سلامتی یقینی بناتی ہے۔پرامن بقائے باہمی اور عالمی قوانین کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے۔ بھارتی جارحیت پر پاکستان نے تزویراتی تحمل اور امن کے عزم کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

آج کا دن ہماری قومی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا دن ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے سائنسدانوں، انجینئرز، سول و عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شہید ذوالفقار علی بھٹو و شہید بینظیر بھٹو کی بصیرت کو سراہا، جنہوں نے ایٹمی پروگرام کو بنیاد اور سمت دی۔صدر مملکت نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ایٹمی طاقت بننا محض ہماری تکنیکی ترقی کا مظہر نہیں تھا، ایٹمی طاقت کا حصول قوت کے ذریعے امن قائم رکھنے کا دانشمندانہ فیصلہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں، پاکستان پر امن بقائے باہمی اور عالمی قوانین کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے، یومِ تکبیر پر ایک بار پھر عہد کریں کہ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کریں گے۔وزیراعظم شہبازشریف نے یوم تکبیر کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنے 27 سال مکمل ہوگئے ۔

پاکستان اس مرتبہ یوم تکبیر ایک اہم اور تاریخی موقع پر منا رہا ہے۔ یوم تکبیر قوم کے اتحاد اور اپنی آزادی و خودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دن ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے جوہری پروگرام کیلئے بے پناہ قربانیاں دینے پر قوم، سابق وزیر اعظم ذوالفقارعلی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنسدانوں اور انجینئرز کو سلام پیش کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے افواج پاکستان، قومی اداروں اور ایٹمی پروگرام میں حصہ ڈالنے والے معماروں کو بھی سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ جوہری اثاثوں کی بھرپور حفاظت کرنے پر مسلح افواج کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

آج کے دن عہد کرتے ہیں پاکستان کو ایک معاشی قوت بنا کر دنیا میں حقیقی مقام دلائیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اس مرتبہ یومِ تکبیر ایک تاریخی موقع پر منا رہا ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے ہم 6 تا 10 مئی کے معرکہ حق میں کامیاب ہوئے اور دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر نکلے۔“ وزیراعظم نے کہا کہ 1998 میں نوازشریف نے جراتمندانہ فیصلہ کرتے ہوئے عالمی دباو کو مسترد کیا اور چھ ایٹمی دھماکے کیے، جس سے پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بن گیا۔

انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو بھارت نے 5 ایٹمی دھماکے کرکے ہماری سلامتی، دفاع اور خود مختاری کو چیلنج کیا تھا، نوازشریف نے 6 دھماکے کر کے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اس وقت نوازشریف نے قوم کی امنگوں، مفادات کی ترجمانی کی۔