محفوظ، معیاری اور بروقت خون کی فراہمی ہر انسانی زندگی کا بنیادی حق ہے، ڈاکٹر عامر شہزاد

جمعرات 10 جولائی 2025 16:54

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کےسینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عامر شہزاد نے کہا ہے کہ محفوظ، معیاری اور بروقت خون کی فراہمی ہر انسانی زندگی کا بنیادی حق ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کے بلڈ بینک میں محفوظ انتقال خون کی اہمیت کے موضوع پر ایک شعور انگیز سیمینارسےخطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ بلڈ بینک میں عطیہ شدہ خون کے ہر تھیلے کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اسکرین کیا جاتا ہے تاکہ مریضوں تک صرف محفوظ خون ہی منتقل کیا جا سکے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عامر شہزاد نے خون عطیہ کرنے والے رضاکاروں کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رضاکارانہ خون عطیہ کرنے والے وہ خاموش ہیرو ہیں جو کسی انجانے کو نئی زندگی کا تحفہ دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

منعقدہ سیمینار میں طبی ماہرین، نرسنگ اسٹاف، سوشل ورکرز، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء کو انتقال خون کے عمل، احتیاطی تدابیر، اور خون عطیہ کرنے کے سائنسی اور مذہبی پہلوؤں پر جامع معلومات فراہم کی گئیں۔اس موقع پر مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ معاشرے کو خون عطیہ کرنے کی عادت اپنانی چاہیے تاکہ ہر مریض کو بروقت محفوظ خون میسر آ سکے۔