تاجکستان اور یو اے ای کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم دوگنا ہو گیا

جمعرات 17 جولائی 2025 14:17

دوشنبے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) تاجکستان کے وزیر برائے اقتصادی ترقی و تجارت زوقی زوقی زادہ نے متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے معیشت و سیاحت عبداللہ بن طوق المری سے ملاقات کی۔تاجک خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ سال 2025 کی پہلی ششماہی کے دوران تاجکستان اور یو اے ای کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم دوگنا سے زیادہ ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں فریقین نے تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا اور صنعت، گرین انرجی، زراعت، ہوابازی، سیاحت اور لاجسٹکس جیسے کلیدی شعبوں میں موجود مواقع کو مکمل طور پر بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔تاجک وزیر زوقی زادہ نے معاشی تعاون کو فروغ دینے کی تجویز پیش کی اور یو اے ای کو تاجکستان کی قومی معیشت میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔انہوں نے گرین انرجی کی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ابو ظہبی ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے روغن ہائیڈرو پاور پلانٹ کی تعمیر میں شرکت کو ایک اہم تزویراتی شراکت داری قرار دیا۔انہوں نے سرمایہ کاری معاہدے پر جلد دستخط کے لئے رابطہ کاری کے عمل کو تیز کرنے اور ضروری دستاویزات کو مکمل کرنے پر بھی زور دیا۔