حجرہ شاہ مقیم ،سی سی ڈی اور پولیس سے مقابلے، ڈاکو ہلاک، دوسرا زخمی

مرنے والا بین الاضلاعی ڈاکو، 45 مقدمات میں مطلوب تھا،چار ڈاکو فرار

جمعہ 18 جولائی 2025 10:35

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء) پولیس مقابلے میں بین الاضلاعی خطرناک ڈاکو اورنگزیب عرف زیبی ہلاک ہو گیا، جو اقدام قتل، ڈکیتی، راہزنی سمیت 45 سے زائد سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔ ہلاک ڈاکو ضلع قصور، پاکپتن، شیخوپورہ اور اوکاڑہ کے متعدد تھانوں کو مطلوب اور ڈکیت گینگ کا سرغنہ تھا۔ تھانہ بی ڈویژن کی حدود علامہ اقبال روڈ پرواردات کے دوران ملزمان نے یاسر نامی شہری سے موٹر سائیکل اور نقدی چھینی۔

(جاری ہے)

اطلاع پر ایس ایچ او دانیال لیاقت اور ٹیم نے تعاقب کیا، ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ساتھیوں کی گولی سے ہلاک ہو گیا جبکہ تین ڈاکو فرار ہو گئے۔ پولیس نے ہلاک ملزم کے قبضہ سے چھینی گئی موٹر سائیکل، نقدی اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی سٹی کی نگرانی میں سرچ آپریشن جاری ہے۔دوسری جانب قلعہ جوند سنگھ میں سی سی ڈی ٹیم نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ دوسرا ملزم فرار ہو گیا۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔