کمشنر کوئٹہ کی زیر صدارت حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کاجائزہ اجلاس،مہم کو مزید موثر بنایا جائے

جمعہ 18 جولائی 2025 19:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) کمشنر کوئٹہ شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت چاروں اضلاع میں حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے حوالے سےجائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر انعام الحق ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہر اللہ بادینی کے علاوہ یونیسیف ،این اسٹاپ،ڈبلیو ایچ او،صوبائی ای پی آئی کے ارکان کے علاؤہ پیشین ،قلعہ عبداللہ اور چمن سے متعلقہ حکام آن لائن موجود تھے ۔

اجلاس کو دی ایچ اوز نے کوئٹہ ڈویژن کے چاروں اضلاع کی حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے بارے میں گزشتہ چھ ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے تحت حاصل کی گئی پیش رفت اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔

(جاری ہے)

کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کارکردگی کو مجموعی طور پر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اس میں مزید بہتری کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی۔

کمشنر کوئٹہ شاہ زیب خان کاکڑ نے اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا کہ حفاظتی ٹیکہ جات مہم کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے لیڈی ہیلتھ ورکرز (ایل ایچ ویز) کے کردار کو مزید فعال بنایا جائے۔انہوں نے کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ اور چمن کے دیہی و شہری علاقوں میں ایل ایچ ویز کی شمولیت کو ناگزیر قرار دیا تاکہ بچوں کو بروقت اور مکمل حفاظتی ٹیکہ جات فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ماہ باقاعدگی سے اجلاس منعقد کیے جائیں تاکہ مانیٹرنگ اور جائزہ کا عمل موثر انداز میں جاری رہے۔اجلاس کے اختتام پر کمشنر کوئٹہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا اور حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کی کامیابی کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :